کیا آپ نے کبھی سنا ہے کہ باپ نے ہی اپنے بیٹے کو معمولی بات پر مار ڈالا ہو ۔ تو اس کاجواب یقینا نہیں ہوگا ۔ لیکن یہ دلسوز واقعہ فلسطین کے غزہ پٹی میں پیش آیا جہاں پر ایک باپ نے اپنے بچے کو جعلی کرنسی لینے پر اس قدر زدوکوب کیا کہ زخموں سے جانبر نہ ہوکر ہلاک ہوگیا۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق غزہ پٹی میں ایک لڑکا دوکان پر اپنے والد کی مدد کیا کرتا تھا اسی دوران باپ کہیں باہر گیا ہوا تھا کہ ایک کسٹمر آیا اور اس نے ایک کپ کافی خریدا اور اس بچے کو جعلی کرنسی دے گیا۔ باپ کے واپس آنے پر بچے نے وہ کرنسی باپ کو تھمادی جس پر باپ سخت آگ بگولہ ہوگیا اور بچے کو پیٹنے لگا جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اسپتال میں علاج کے دوران وہ زخموں سے جانبر نہ ہو کر ہلاک ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر باپ کو فورا ہی گرفتار کیا گیا اور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ اس واقعے کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید برہمی کا اظہار کیا جارہا ہے۔