COW SLAUGHTERING ORDINANCE
قومی خبریں

کرناٹک :گائے کے ذبیحہ پر آج سے پابندی عائد

ملک بھر میں گذشتہ سالوں میں گائے کے نام پر تشدد میں کئی مسلم نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس تشدد میں کئی بے قصور افراد ہلاکت کا شکار ہوگئے ۔ گاؤ رکشک کے نام سرعام بے قصور مسلم اور دلت افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

ریاست کرناٹک میں گائے کے ذبیحہ پر آج سے پابندی عائد ہوگی، ذرائع کے مطابق ریاست میں ایکٹ پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جائے گا اور قواعد بنانے کا عمل تقریبا مکمل ہوچکا ہے اور اسے جاری کیا جائے گا۔

مویشیوں کی آمد و رفت کے قوانین جلد تیار کیے جائیں گے اور ان پر عمل درآمد کیا جائے گا۔ کرناٹک کے وزیر مملکت برائے اینمل ہسبنڈری پربھو چوہان نے کسانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں اور ریاست میں زرعی مقاصد کے لیے جانورلے جانے والے افراد کو کسی بھی وجہ سے الجھن کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

ریاستی پولیس محکمہ سے کہا گیا ہے کہ وہ این جی او اور اینیمل ویلفیئر بورڈ کے ساتھ کام کرے، جو گائے کے تحفظ میں شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس کو بھی ہر سطح پر کارروائی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ محکمہ پولیس اور جانور پالنے والے گائے کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ذبح کرنے پر کڑی نظر رکھیں۔

ریاستی وزیر نے انتباہ دیا کہ اگر مویشیوں کی غیر قانونی اسمگلنگ اور ذبیحہ کو دیکھاجائے تو پولیس کو فورا اطلاع دی جائے، ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا کہ عوام کسی بھی حالت میں قانون کی پاسداری کرے، وزیر مملکت برائے انیمل ہسبنڈری پربھو چوہان نے بھی پولیس افسران کو سخت ہدایات دی کہ اگر کسی بھی قسم کی کوتاہی ہوئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ گائے کے ذبیحہ پر پابندی کے پیش نظر تحفظ کی ضرورت ہے۔ اس معاملے پر بات کی جائے گی اور گوشالہ تعمیر کی جائیں گی۔