ہر دور میں ایسی قدسی صفات ہستیاں پیدا ہوتی رہیں جنہوں نے دین پر آئے ہوئے غبار کو صاف کیا۔ مادیت، تعیش، عقل پرستی کے مقابلہ علانیہ جہاد کیا۔ اپنے زمانہ کے مترفین کی مذمت کی اور جابر سلاطین کے سامنے کلمہ حق بلند کیا۔ اسلام میں نئی جان ڈال دی۔ اور مسلمانوں میں نیا ایمان اور نئی زندگی پیدا کردی۔ بجھی ہوئی انگیٹھیوں کو سلگایا۔ یہ ہستیاں اخلاقی اور روحانی حیثیت سے ممتاز تھے۔
انہوں نے تاریکی کا پردہ چاک کیا اور حق کو روشن کیا۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کو اس دین کی بقاء منظور تھی اور رہنمائی کا کام اسی دین سے لینا تھا اب وہ کام رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے نائبین اور علماء اور صلحاء سے لینا تھا۔ چنانچہ ارشاد نبوی ہے ۔اَلْعُلَمَآءُ وَرَثَۃُالْاَنْبِیَاءِ ۔
در اصل کوئی مذہب اس وقت تک زندہ نہیں رہ سکتا جب کہ ہر زمانہ میں اسکے ماننے والوں میں ایسی ہستیاں پیدا نہ ہوں جو اپنے یقین، روحانیت، بے غرضی وایثار اور صلاحیتوں سے اس کے ماننے والوں میں اعتماد اور قوت عمل پیدا نہ کریں اسلام کی طویل تاریخ میں کوئی مدت ایسی نہیں گزری جس میں حقیقت اسلام بالکل دب گئی ہو اور تمام عالم اسلام پر اندھیرا چھاگیا ہو جب کبھی کوئی فتنہ ظاہر ہوا، مادیت اور مفاد پرستی کا کوئی حملہ ہوا۔ کوئی طاقتور ہستی ضرور میدان میں آگئی جس نے اس فتنہ کا پوری طرح مقابلہ کیا، قدریت، جبریت، اعتزال، خلق قرآن، دین الہی، جیسی بڑی تحریکیں آج ان کا وجود نہیں رہا۔ کیونکہ تعلیمات اسلامیہ کی حفاظت کی جد و جہد، دعوت واصلاح کا تسلسل شروع اسلام ہی سے قائم ہے۔
انہی قدسی صفات شخصیات میں شیخ الاسلام حضرت مولانا حافظ محمد انواراللہ فاروقی فضیلت جنگ علیہ الرحمہ کی ذات گرامی ہے۔ ان کی سیرت اور کتب کا مطالعہ کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ کس قدر عظیم کردار اور مثالی شخصیت کے مالک تھے، اور اپنے دائرہ عمل میں رہکر کس قدر اسلامیت کو نافذ کرنے کی جد و جہد کی۔
چنانچہ باوجود معاشی شدت کے مالگزاری کی ملازمت اسی لئے چھوڑدی کہ سودی لین دین کی کتابت کرنی پڑتی تھی، (وَمَنْ یَّتَّقِ اللّٰہَ یَجْعَلْ لَّہُ مَخْرَجًا وَّیَرْزُقُہُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ) جو اللہ سے ڈرتا ہے تواللہ تعالی اس کے لئے مشکلات سے نجات کی شکل نکالتا ہے اور اس کو ایسی جگہ سے رزق دیتا ہے جہاں سے گمان بھی نہ ہو۔ (سورہ طلاق)
صدارت العالیہ کو مستقل محکمہ کی صورت دی تاکہ عامتہ المسلمین کی صحیح مذہبی رہنمائی ہو۔اسی طرح مسلمانوں کی اصلاح کے لئے ’’انجمن اصلاح مسلمانان‘‘ قائم فرمائی۔ اضلاع کے لوگو ں کی مذہبی بیداری کے لئے واعظین مقرر کئے۔ مکہ مسجد میں نماز دو بجے ہوا کرتی تھی اسکو احادیث کے مطابق اول وقت کردیا۔
شرعی خدمات انجام دینے والوں کے لئے اہل خدمات شرعیہ کا نصاب لاز م کردیا۔ ام الخبائث پر پابندی لگانے کیلئے جد وجہد کی۔ طوائف پر پابندیاں لگائیں۔ آپ کی حیات اور کارناموں اور تصنیفات کا مطالعہ کرنے والا اچھی طرح سمجھ سکتا ہے کہ آپ تعلیم کو دراصل بنیاد کا پتھر سمجھتے تھے۔ جس پر ملک اور قوم کی عملی اور فکری زندگی کی عمارت کھڑی ہوتی ہے۔ اگر یہ پہلی اینٹ سیدھی ہے تو پوری عمارت سیدھی ہوگی۔ اور اگر یہ بنیاد ٹیڑھی ہو تو ’’تاثریا میر ود دیوار کج‘‘ والی بات صادق آتی ہے، آپ کی عملی زندگی کا اکثر حصہ تعلیم وتدریس کے اداروں کو قائم کرنے اور ان کو چلانے اور آگے بڑھانے میں گزرا۔
جامعہ نظامیہ جیسی عظیم درسگاہ کا قیام، اشاعت العلوم، دائرۃ المعارف، اجمیر شریف میں مدرسہ معینیہ کا قیام، دارالعلوم و دیگر دینی اداروں کو امداد کی اجرائی وغیرہ جیسے علمی کارہائے نمایاں آپ نے نہ صرف انجام دیئے بلکہ ہر دم اسی کی فکر میں رہتے اور فرمایا کرتے کہ: ’’اذکار اور ادعیہ کے بجائے ہمیشہ علوم دینیہ کی تعلیم وتعلم اور ان کی اشاعت میں کوشاں رہیں، کیونکہ اس کے برابر کوئی عبادت باعث تقرب الٰہی نہیں ہے‘‘۔ اور فرماتے تھے کہ ’’میں بھی ابتداء ذکر کرتا تھا، مگر اب اسکے بدلے اس وقت کو علم دین کی خدمت میں صرف کررہاہوں کیونکہ ذکر سے انجلاء باطنی ہوتا ہے اور انسان کو اپنے درجات معلوم ہوتے ہیں جس سے اس بات کا اندیشہ ہے کہ کہیں رعونت نہ آجائے، عبادت سے تقرب الہی مقصود ہے، اور بعد ادائی فرض افضل عبادت تحصیل علم دین اور اسکی اشاعت ہے، اگرکوئی شخص اس میں مصروف ہو تو اسکے مدارج روز افزوں ترقی کرتے ہیں۔ گو اسکا علم نہ ہو، اور خدا اور رسول کی خوشنودی اور قربت حاصل ہوجا تی ہے‘‘۔
طلبہ جامعہ نظامیہ کا وقتا فوقتا امتحان لیتے۔ تقریریں اور مناظرے کرواتے، بیت بازی کے مقابلہ ہوتے۔ تفریح کو لے جاتے۔ آپ کے اصلاح وتجدید کے کارنامے بڑے وسیع اور متنوع تھے، اس میں علمی اور فکری رنگ غالب تھا تدریس واشاعت کتاب وسنت، عقل ونقل میں تطبیق، اسرار و مقاصد شریعت کی توضیح، علوم اسلامیہ میں مجتہدانہ فکر ونظر، سب شامل تھے۔
فضیلت جنگؒ کے تذکرہ اور انکے تجدیدی کارنامہ پر روشنی ڈالنے کے سلسلہ میں اس تاریخی حقیقت کو پیش نظر رکھنے اور اس اصول پر عمل کرنے کی اور بھی زیادہ ضرورت ہے کہ ان کی ذہنی علمی تربیت میں حجاز مقدس کا بنیادی حصہ تھا جہاں آپ نے تین سال سے زیادہ قیام فرمایا، اور تقریبا ہر پانچ سال پر سفرِ حجاز اختیار فرماتے تاکہ اپنے پیر و مرشد حاجی امداداللہ علیہ الرحمہ سے استفادہ بھی ہوسکے۔ آپ نے مصر اور بغداد کے بھی سفر اختیار کئے، اس طرح علماء حرمین و مصر و شام سے تعلقات علمیہ قائم تھے۔ ان کے ساتھ طویل صحبتیں رہیں۔ جہاں دنیا کے گوشہ گوشہ سے لوگ اکٹھا ہوتے تھے۔ وہاں بیٹھکر پورے عالم اسلام کی روحانی، علمی، اخلاقی، سیاسی حالت کاجائزہ بآسانی لیا جاسکتا تھا۔
فضیلت جنگ ؒنے ان سب سے فائدہ اٹھایا ہوگا اور اثر لیا ہوگا۔ آپ نے اپنے تمام تجربوں اور صلاحیتوں سے مسلمانوں کی ہمہ جہتی اصلاح کیلئے جو قدم اٹھا یا ان کامکمل جائزہ لینے کی ضرورت ہے، آپ کارہن سہن سادہ، اصول پسندی اور سادگی، ذمہ داریوں کو ادا کرنے میں تساہل سے کام نہ لینے۔ ایثار و قربانی، سخاوت، توکل، ہمدردی، دینی حمیت کے واقعات ایسے تھے کہ سلف صالحین، اور صحابہ کرام کی زندگیاں یاد آجاتی ہیں۔ ذَلِکَ فَضْلُ اللّٰہِ یُؤتِیْہِ مَنْ یَّشَاءُ۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ بہت ساری شخصیات ایسی بھی ہیں جن کی مکمل سیرت اور کارنامے عرصہ دراز تک لکھے نہیں گئے۔ یہ بات ان کے ماننے والوں پر ایک فرض کی حیثیت رکھتی ہے، ضرورت اس بات کی تھی کہ انکی سیرت اس انداز سے پیش کی جائے کہ دنیا انکے صحیح حال سے واقف ہوتی اور ان کی سیرت ایک نمونہ اور مثالی کردار کے طور پر سامنے آتی۔
انہی ہستیوں میں سے جنکی مکمل سیرت دنیا کے سامنے نہیں آئی اُن میں حضرت مولانا شیخ الاسلام محمد انوار اللہ فاروقی فضیلت جنگ علیہ الرحمہ کی ذات گرامی بھی شامل ہے۔ ان کے کمالات و خصوصیات سے دنیا بے خبر رہی ہے ، ان کی سیرت کو اس طرح پیش کیا جانا چاہئے جس سے ان کے صحیح مقام سے دنیا آگاہ ہو۔
ان کی سیرت کم از کم ان کے ماننے والوں کے لئے ایک مثالی کردار کے طور پر سامنے آئے۔ ان کی سیرت اس بات کا ثبوت بنے کہ اسلام ایسے مرد انِ کار اور نوادر روزگار پیدا کرنے کی لافانی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کیا اصول تھے جن کے وہ سختی سے پابند رہے وہ کیا اقدار تھے جن کو وہ زندگی بھر حرز جان بنائے رہے۔ مشکلات کا سامنا کس اصول پسندی اور دینی و اخلاقی معیار بلندسے کیا، انتظامی وتعلیمی امور میں ان کی بنیادی فکر کیا تھی۔