نئی دہلی: وقف (ترمیمی) بل 2024 کے سلسلے میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی ) نے عام لوگوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس بل کے بارے میں اپنی رائے اور تجاویز پیش کریں۔
لوک سبھا کے رکن اور مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے ‘وقف (ترمیمی) بل، 2024’ کے وسیع اثرات پر غور کرتے ہوئے اس سلسلے میں عام طور پر عوام اور غیر سرکاری تنظیموں/ماہرین/اسٹیک ہولڈرز اور اداروں سے خاص طور پر رائے طلب کی ہے ۔ تجاویز کے ساتھ یادداشتیں بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خیال ر ہے کہ وقف (ترمیمی) بل۔ 2024، لوک سبھا میں پیش کیا گیا، اس بل کو پارلیمنٹ کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو جانچ اور رپورٹ کے لیے بھیجا گیا ہے۔ کمیٹی میں لوک سبھا سے 21 اور راجیہ سبھا سے 10 اراکین ہیں۔
لوک سبھا سکریٹریٹ نے بتایا کہ جو لوگ کمیٹی کو تحریری میمورنڈم /تجاویز پیش کرنا چاہتے ہیں وہ انگریزی یا ہندی میں اس کی دو کاپیاں جوائنٹ سکریٹری (جے ایم) لوک سبھا سکریٹریٹ، کمرہ نمبر 440، پارلیمنٹ ہاؤس انیکسی، نیو دہلی-110001، ٹیلی فون 23034440/23035284، فیکس نمبر: 23017709 اور اس اشتہار کی اشاعت کی تاریخ سے 15 دنوں کے اندر ‘[email protected]’ پر ای میل کرسکتے ہیں ۔ ‘وقف (ترمیمی) بل 2024’ کا متن لوک سبھا کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔
لوک سبھا سکریٹریٹ کے مطابق کمیٹی کو پیش کی گئی یادداشتیں/تجاویز کمیٹی کے ریکارڈ کا حصہ ہوں گی اور انہیں ‘خفیہ’ مانا جائے گا اور وہ کمیٹی کے مراعات مستحق ہوں گے۔ جو لوگ میمورنڈم پیش کرنے کے علاوہ کمیٹی کے سامنے پیش ہونا چاہتے ہیں ان سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ خصوصی طور پر اس کا تذکرہ کریں۔ اس حوالے سے کمیٹی کا فیصلہ حتمی ہو گا۔