یروشلم: اسرائیلی شرپسند عناصر نے مقبوضہ مشرقی یروشلم میں مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مقبوضہ مشرقی یروشلم کے نوآباد اسرائیلی شرپسند عناصر نے مسجد اقصیٰ کے احاطے سے متصل مسلمانوں کے تاریخی قبرستان میں ایک قبر پر گدھے کا سر لٹکا دیا۔تاکہ مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا جاسکے۔
مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی شرپسند عناصر اور مسلمانوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے، اسی دوران مسلمانوں کے تاریخی قبرستان کی بے حرمتی کا یہ واقعہ گزشتہ روز رونما ہوا ہے۔
یروشلم کے گورنر کے ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ باب الرحمہ قبرستان پر اسرائیلی شدت پسند عناصر نے حملہ کرکے قبر پر گدھے کا سر لٹکاکر اس کی بے حرمتی کی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق یہ قبرستان مسجد اقصیٰ کمپلیکس سے متصل ایک ایسے مقام پر واقع ہے جو مسلمانوں اور یہودیوں دونوں کے لیے مقدس ترین مقام ہے۔
واضح رہے کہ باب الرحمہ مسلمانوں کا ایک قدیم قبرستان ہے، اس قبرستان میں نبی آخر زماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے قابل ذکر صحابہ کرام رضوان اللہ تعالی علیھم اجمعین کی متعدد قبور بھی موجود ہیں، یہ قبرستان 1,400 سال سے زائد عرصے سے ایک وقف زمین پر قائم ہے۔
اس علاقے کو یہودیوں کی جانب سے ’ٹیمپل ماؤنٹ‘ کا نام دیا گیا ہے، ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا جاتا ہے کہ یہ قدیم زمانے میں دو یہودی مندروں کی جگہ تھی۔