ریاست کرناٹک میں بی جے پی نے اپنی حکومت کے دوران اسکولوں اور کالجز سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کی تھی۔ ریاست میں حجاب کو لیکر کئی دنوں تک ہنگامہ چلتا رہا۔
بنگلورو: کرناٹک کی کانگریس حکومت نے حجاب پر سے پابندی ہٹانے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیراعلی سدارمیہ نے جمعہ کو حجاب پر پابندی ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کسی کو اپنی پسند کے مطابق لباس پہننے کا حق ہے۔
کرناٹک کے وزیر اعلیٰ نے بی جے پی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی دراصل لباس اور ذات پات کی بنیاد پر لوگوں اور سماج کو تقسیم کرنے کا کام کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کرناٹک کے اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پر پابندی ہٹا دیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی پسند کے کپڑے پہننا ہر ایک کا بنیادی حق ہے۔ میں نے حجاب پر پابندی اٹھانے کی ہدایات دے دی ہیں۔ وزیر اعظم مودی کا ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس’ کا نعرہ جعلی ہے۔ بی جے پی لباس اور ذات پات کی بنیاد پر لوگوں اور سماج کو بانٹ رہی ہے۔
واضح رہے کہ ریاست کرناٹک میں بی جے پی نے اپنی حکومت کے دوران اسکولوں اور کالجز سمیت دیگر تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی عائد کی تھی۔ حجاب پر پابندی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا گیا تاہم ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا جس کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع کیا گیا تھا۔