غزہ: اسرائیلی فضائیہ کی غزہ میں مسجد پر بمباری سے 50 نمازی شہید ہوگئے ہیں۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے وسطی علاقے سبرا میں نمازیوں سے بھری مسجد پر بمباری کی ہے۔ اسرائیلی بمباری سے درجنوں نمازی زخمی بھی ہوئے۔ زخمی افراد میں متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب صیہونی فوج نے اردن کے فیلڈ اسپتال کو بھی نہیں چھوڑا۔ بمباری سے فیلڈ اسپتال کے 7 ارکان زخمی ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں الشفاء اسپتال میں موجود اہم تنصیبات اور طبی آلات کو دھماکے سے اڑا دیا۔ الشفاء میڈیکل کمپلیکس پر دھاوا بولنے اور تلاشی لینے کے بعد اسرائیلی فوج اب غزہ پٹی کے سب سے بڑے اسپتال سے نکل کر پیچھے ہٹ گئی ہے۔ تاہم اسرائیلی فوج نے اسپتال کا محاصرہ جاری رکھا ہوا ہے۔
العربیہ کی رپورٹ کے مطابق اسپتال کے اطراف میں تقریباً 15 ٹینک موجود تھے جو کمپلیکس میں داخل ہونے کے بعد پیچھے ہٹ رہے تھے۔ فوج نے اس جگہ پر موجود سرجیکل عمارت کے تہہ خانے کو دھماکے سے اڑا دیا۔ اسپتال سے واپسی سے قبل اسرائیلی فوج کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا کہ اسرائیل کی فورسز کو اسپتال کے اندر ایک مخصوص علاقے پر جاری چھاپے کے دوران حماس سے تعلق رکھنے والے ہتھیار اور انفراسٹرکچر ملا ہے۔
دوسری جانب حماس نے الشفا میں ہتھیاروں کی موجودگی کے اسرائیلی الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں جھوٹ اور سستا پروپیگنڈہ قرار دے دیا۔ اسرائیل نے حماس کے افراد کے اسپتالوں کے نیچے زیر زمین مقامات پر موجود ہونے کا الزام لگایا تھا۔ حماس نے اس کی تردید کردی اور کہا کہ اسرائیل ایسے الزامات جنگی جرائم کے ارتکاب کے جواز کے لیے لگا رہا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیل کے حملوں کو 40 روز گزر چکے ہیں اور ان حملوں میں اب تک ساڑھے 11 ہزار فلسطینی شہید اور 25 ہزار سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ ان شہداء میں چار ہزار سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔ غزہ میں لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔ دنیا بھر میں غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔