حیدرآباد: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صدر و حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے حیدرآباد میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے فلسطین کی صورتحال کو صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ بتایا۔ اویسی نے کہا کہ عالمی قانون اور اقوام متحدہ کی قرار داد کے مطابق فلسطین کی زمین پر اسرائیل قابض ہے، پچھلے کئی دہائیوں سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینی افراد ظلم و ستم کیا جارہا ہے۔ اور یہ ایک حقیقت ہے جس سے انکار نہیں کیا جاسکتا ہے۔ اویسی نے مزید کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ حملے کرنا ایک اجتماعی سزا ہے جو عالمی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔
اویسی نے کہا کہ فلسطین صرف مسلمانوں یا عربوں کا مسئلہ نہیں ہے۔ یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔ اویسی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر زور دیا کہ وہ سفارتی طور پر اسرائیل کی طرف سے غزہ پر بمباری کو روکنے کی کوشش کریں۔
اویسی نے مزید کہا کہ "آپ نے کہا کہ ہندوستان فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی میں کھڑا ہے۔ اس یکجہتی کو ظاہر کرنے کے لیے انہیں روکو، اس جنگ کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں”۔ اویسی نے کہا کہ مہاتما گاندھی نے کہا تھا کہ فلسطین عربوں کا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل حماس کے درمیان جاری جنگ میں ڈھائی ہزار سے زائد فلسطینی افراد جاں بحق ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔ لاکھوں افراد بے گھر ہوچکے ہیں۔