مسجد معتمدی کا افتتاح
تلنگانہ قومی خبریں

تلنگانہ سکریٹریٹ کی نو تعمیر شدہ مسجد معتمدی کا افتتاح

حیدرآباد: تلنگانہ سکریٹریٹ میں نو تعمیر شدہ مسجد معتمدی کا افتتاح عمل میں آیا۔ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن نے فیتہ کاٹ کر سکریٹریٹ کی نوتعمیر شدہ مسجد کا افتتاح انجام دیا۔

نو تعمیر شدہ مسجد میں شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد صاحب نے نماز جمعہ کی امامت فرمائی جس کے ساتھ ہی اس مسجد میں نمازوں کی ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے۔

قبل ازیں اس ضمن میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔ انہوں نے سر پر ٹوپی بھی پہنی ہوئی تھی۔ تقریب کا آغاز امام و خطیب شاہی مسجد باغ عامہ مولانا احسن الحمومی کی قرات کلام پاک سے ہوا۔

بعد ازاں وزیراعلی چندر شیکھر راو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ عوام کی یکجہتی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ سارے ملک کے لئے مثالی ہے۔ سارے ملک کے عوام کو تلنگانہ کے عوام سے سیکھنا چاہئے کہ کس طرح مل جل کر ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔

کے سی آر نے سلام کے ساتھ اپنے خطاب کا آغاز کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ کے دربار میں بات کرتے ہوئے ڈر لگتا ہے لیکن ہمیں اللہ سے مانگنا چاہئے۔ انہوں نے تلنگانہ میں بھائی چارہ کی برقراری کے لئے دعا کی اور کہا کہ ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارہ کی برقراری کے لئے ان کی حکومت ہر وہ قدم اٹھائے گی جس کی ضرورت ہوگی۔

وزیراعلی کے سی آر نے نو تعمیر شدہ مسجد معتمدی کی عمارت کی خوبصورتی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ مسجد سے زیادہ خوبصورت یہ مسجد تعمیر کی گئی جسے دیکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر جگہ ایسا ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سکریٹریٹ میں مسجد بھی تعمیر ہو، مندر بھی تعمیر ہو اور چرچ بھی تعمیر ہو، تلنگانہ سکریٹریت سارے ملک کے لئے ایک زبردست مثال ہے۔ تینوں مذہبی عبادت گاہوں کی ایک دوسرے سے متصل تعمیر تینوں بھائیوں کے مل جل کر رہنے، عبادت کرنے اور کام کرنے کی ایک بہترین مثال ہے۔ ان عبادت گاہوں کی تعمیر کے ذریعہ ہم نے ایک زبردست مثال قائم کی ہے۔

مسجد کی افتتاحی تقریب میں ریاستی گورنر تمیلی سائی سوندرا راجن، ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی، صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی، تلنگانہ اسمبلی میں مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی، شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا مفتی خلیل احمد، چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ شانتی کماری اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔