اسرائیل فلسطین جھڑپ
مسلم دنیا

اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں فلسطینی نوجوان شہید

فلسطین کے مغربی کنارے کے نابلس شہر میں ڈاکٹرز اور عینی شاہدین کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ایک فلسطینی نوجوان کو شہید کر دیا۔ نابلس میں ریڈ کریسنٹ سوسائٹی میں ایمبولینس اور ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ احمد جبریل نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے سبسطية شہر میں ایک نوجوان فلسطینی کو شہید کردیا اور ایک دیگر شخص کو زخمی کر دیا۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق ہلاک ہونے والے فلسطینی نوجوان کی شناخت 18 سالہ فوزي مخالفہ کے طور پر ہوئی ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے شہر میں ایک فلسطینی کار پر فائرنگ کی، جس میں دو نوجوان سفر کر رہے تھے۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے ایک فلسطینی کو گولی مار دی جس نے انہیں نابلس کے قریب کُچلنے کی کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ گاڑی میں سوار ایک اور شخص زخمی بھی ہوا۔ فلسطینی ڈاکٹرز نے بتایا کہ اس سے قبل جمعہ کو اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں ایک فلسطینی نوجوان کا قتل اور دو کو زخمی کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز آئے دن فلسطینی نوجوانوں پر حملہ کرتے ہیں حالیہ دنوں میں ہی متعدد فلسطینی نوجوان اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں شہید ہوئے ہیں۔