غزہ: فلسطینی وزارت صحت کے مطابق مغربی کنارے کے شہر جنین پناہ گزیں کیمپ میں اسرائیلی سیکورٹی فورسز کی جانب سے فضائی حملے کے دوران 8 فلسطینی افراد شہید ہوئے ہیں۔
اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے کہا کہ اتوار سے پیر کی درمیانی شب سے وہ جنین کے علاقے میں بنیادی ڈھانچے پر حملہ کر رہے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت نے پیر کی صبح کہا کہ اس حملے میں آٹھ فلسطینی جنین شہر میں شہید اور کیمپ میں کم از کم 27 دیگر فلسطینی زخمی ہوئے جن میں آٹھ کی حالت تشویشناک ہے۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق رہائشیوں نے بتایا کہ اسرائیل نے پیر کی صبح جینن میں کم از کم 10 فضائی حملے کیے، جس سے عمارتوں کے ملبے سے دھواں اٹھ رہا تھا۔ درجنوں اسرائیلی بکتر بند گاڑیوں کے قافلے نے بھی پناہ گزین کیمپ کو چاروں اطراف سے محاصرہ کر رکھا ہے اور زمینی فوجی آپریشن شروع کر دیا جس سے گھروں اور سڑکوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
وزارت نے کہا کہ وہ فوری طور پر جارحیت کو روکنے کے لیے بین الاقوامی اور امریکی مداخلت کا مطالبہ کرتی ہے اور بین الاقوامی فوجداری عدالت سے اپنی خاموشی توڑنے اور اسرائیلی جنگی مجرموں کا احتساب شروع کرنے کا مطالبہ کرتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سال کے آغاز سے اب تک بڑھتے ہوئے تشدد کے باعث درجنوں فلسطینی افراد شہید ہو چکے ہیں۔ دونوں اطراف کے سرکاری ذرائع کے مطابق کم از کم 185 فلسطینی شہید، 25 اسرائیلی، ایک یوکرینی اور ایک اطالوی ہلاک ہو چکے ہیں۔