crime
قومی خبریں

مسلم پڑوسیوں کے خلاف سازش کرنے والا ہندو شخص گرفتار

ملک بھر میں فرقہ پرست عناصر کسی نہ کسی طریقہ سے مسلمانوں کو پریشان کرنے کی سازشیں کرتے ہی رہتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک واقعہ مہاراشٹرا میں پیش آیا جس میں ایک ہندو شخص نے مسلم پڑوسیوں کے خلاف سازش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک شدت پسند ہندو شخص نے اپنے مسلم پڑوسی کو پھنسانے کےلئے اس کے گھر پر ’پی ایف آئی زندہ باد‘ کا نعرہ تحریر کردیا تاکہ غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے خلاف پولیس کاروائی کی جاسکے اور اسے جیل بھیج دیا جائے۔

ممبئی پولیس نے اس معاملے میں ایک ہندو شخص کو گرفتار کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ وہ اپنے مسلم پڑوسیوں کو پھنسانے کے لیے ان کے گھر کے باہر ’پی ایف آئی زندہ باد‘ کے نعرے کے پوسٹر لگارہا تھا۔

ملزم کی شناخت ایکناتھ کاوڑے کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ کاوڑے ہاؤسنگ سوسائٹی کے سکریٹری ہیں۔ پولیس نے کاوڑے کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 153 کے تحت (فساد پھیلانے کے ارادے سے اشتعال انگیزی) کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ اس معاملہ میں مزید تحقیقات کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر پانچ سال کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے۔ اس دوران قومی تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے سینکڑوں پی ایف آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔