جماعت اسلامی ہند
تلنگانہ

سیدنا حضرت ابراھیمؑ کی زندگی مکمل اسلام اور استقامت وجرات مندی کی علامت

حضرت سیدنا ابراھیمؑ کی ساری زندگی حق، استقامت،اور جرات مندی سے عبارت رہی اور انہوں نے ہر آزمائش کا ہمت و استقلال سے مقابلہ کیا، یہی نہیں بلکہ آپؑ نے اپنے ہر خواب کو بھی سچ کر دکھایا۔ حضرت سیدنا ابراھیمؑ توحید کے عظیم علمبردار تھے۔انہوں نے اللہ کی بڑائی و بزرگی کا اعلان دنیا میں اس طرح کیا کہ چار ہزار برس بعد بھی دنیا آپ کو یاد کرتی ہے۔ اور قرآن مجید میں اللہ رب العالمین نے آپ کا ذکر بارہا فرمایا ہے جو تا قیامت باقی رہے گا۔ان خیالات کا اظہار پروفیسر محمد عبد المجید (سابقہ پروفیسر دکن کالج) نے جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ کے جلسہ سیرت سیدناحضرت ابراھیمؑ سے سعید ولا فنکشن ہال،رین بازار میں اپنے کلیدی خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے آپؑ کو قیادت و امامت کے عظیم منصب سے نوازا اورخلیل اللہ کا لقب عطا فرمایا۔جناب اقبال حسین،امیر مقامی جماعت اسلامی ہند،یاقوت پورہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ حضرت ابراھیمؑ نے اپنے عمل و کردار کے زریعہ ساری انسانیت کو غور و فکر کی دعوت دی۔آپ ؑ کی زندگی دعوت واقامت دین کا مرکز و محور رہی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراھیمؑ، اولولعزم، ثابت قدم، عزیمت واستقامت اور صبرتسلیم و ررضا کے پیکر تھے۔آپؑ کے اسوہ سے ہمیں یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم بھی دعوت دین کا فریضہ انجام دینے کے لئے کمر بستہ ہوجائیں اور اس کام اور مشن کے لئے اپنے گھر کے افراد کو بھی تیار کریں۔اس ملک کی بڑی آبادی کو اسلام کے پیغام سے واقف کروائیں۔

مولانا محمدعبد الحفیظ عظیمی نے سورہ صافات کی آیات سے درس قرآن پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراھیمؑ کی ساری زندگی مکمل اسلام ہے۔آپؑ ابتدا سے ہی شرک بیزار تھے۔قرآن مجید میں بیشتر مقامات پر آپؑ کا تذکرہ ملتا ہے۔سابق امیر مقامی جناب محمد عمادالدین نے افتتاحی کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت سیدنا ابراھیمؑ کی ساری زندگی ہمارے لئے نمونہ اور مشعل راہ ہے۔برادر سعد بن خالد، ممبر ایس آئی او نے حمد باری تعالی پیش کی۔جناب مبشر احمد نے کلمات تشکر پیش کئے۔جناب محمد حسام الدین متین نے پروگرام کی کاروائی چلائی۔مرد خواتین کی کثیر تعداد نے جلسہ میں شرکت کی۔