تلنگانہ

تعلیم خالق حقیقی کو جاننے اور پہچاننے کا بہترین ذریعہ

جامعہ دارالھدیٰ، وادی ھدی میں کنڈر گارٹن اور پرائمری سیکشن کی افتتاحی تقریب* ڈاکٹر فہیم الدین احمد ، جناب ظہیر الدین علی خان ، ڈاکٹر مبشر احمد و دیگر کا اظہار خیال*

حیدرآباد: جامعہ دارالھدیٰ، وادی ھدی پہاڑی شریف روڈ حیدرآباد میں کنڈر گارٹن اور پرائمری سیکشن کا افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی مینجنگ ڈائرکٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خان نے خطاب کرتے ہوئے بنیادی اخلاقیات کو مدنظر رکھتے ہوئے بچوں کو تعلیم وتربیت دینے پر زوردیا.

انہوں نے کہا کہ جامعہ دارالھدیٰ قابل مبارکباد ہے کہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم بھی فراہم کرتا ہے انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ مدرسہ کامیابی کی اونچی منزلوں کو طئے کرے گا۔

مہمان اعزازی ڈاکٹر فہیم الدین احمد نے اپنی تقریر میں پرائمری سیکشن کے قیام کی ستائش کی اور کہاکہ چار دہے قبل وہ خود جامعہ دارلھدیٰ کے طالب علم رہ چکے ہیں انہوں نے تعلیم کے اقدار کو اپنے اندر اُجاگرکرنے پر زور دیا اور قیام جامعہ کے نظریہ کو بھی بتایا کہ سیکھنا تاحیات عمل ہے اور بچوں کی ذہنیت کو جانچ کران کی اونچی سونچ بنانا چاہئے۔

مہمان مقرر ناظم شہر جماعت اسلامی ہند گریٹر حیدرآباد ڈاکٹر محمدمبشراحمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ بھی جامعہ دارالھدیٰ کے طالب علم تھے اور آج پرائمری سیکشن کے افتتاح میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے خوشی و فخر محسوس کر رہے ہیں.

انہوں نے بتایا کہ سماج میں اس قسم کے اسکول بہت کم ہوتے ہیں جن میں ہر طبقہ کے لوگ اپنے بچوں کو تعلیم دلواسکتے ہیں۔ سماج میں موجود یتیم طلباء جو تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہوں وہ یہاں خصوصی رعایتوں کے ساتھ تعلیم حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم دراصل انسان کو اپنے خالق کو جاننے اور پہچاننے میں مددگار ہوتی ہے انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ دارالھدیٰ میں مستقبل میں جلد ہی کالج کا بھی قیام عمل میں آئے گا۔

جناب یوسف علی خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قلم کے ذریعہ پڑھنا سکھایا ہے۔ انہوں کہا کہ جامعہ دارلھدیٰ کا قیام 1963 میں عمل میں آیا اور اس کی کامیاب 60 سالہ کارکردگی کو اور جو مضامین یہاں پڑھائے جاتے ہیں ان کا تفصیلی تعارف پیش کیا اور کہا کہ اقامتی ادارہ بھی ہونے کی حیثیت سے قوم کے نونہالوں کی تربیت پر خصوصی نظر رکھی جاتی ہے۔

جامعہ دارالھدیٰ کے ناظم مولانا مفتی شوکت علی نے شعبہ حفظ کا تعارف دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ماہر اساتذہ وحفاظ کرام کی نگرانی میں تعلیم کا یہاں نظم ہے۔جناب احمدجابری کی قرأت کلام پاک سے پروگرام کا آغاز ہوا۔جس کا اُردو،انگریزی اور تلگو زبان میں ترجمہ پیش کیا گیا۔

مہمانان خصوصی جناب ظہیر الدین علی خان، مہمان اعزازی ڈاکٹر، فہیم الدین احمد اور ڈاکٹر مبشر احمد کی شال پوشی کی گئی اور مومنٹو پیش کئے گئے۔

ہائی اسکول کے طالب علم برادرطلحہ ظفر نے دُعائیہ ترانہ ”لب پہ آتی ہے دُعا“ پیش کی۔ امرائے مقامی جناب مسعود اختر،جناب اقبال محی الدین ممتاز، جناب محمد مسرورعلی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔پرنسپل محترمہ مہناز تسمیہ خاتون نے خطاب کرتے ہوئے پرائمری سیکشن کے قیام کا مقصد اور اسکول کے اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی۔

سال 2022-23 کے ایس ایس سی ٹاپر س ماسٹر ابوبکر،ماسٹر جنید اور ماسٹر عبدالباری کو بھی اعزازسے نوازا گیا۔ جناب عبدالرحیم خالد باوزیر نے تمام مہمانوں اور اولیاء طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔محترمہ ناصرہ خانم کی دُعا پر تقریب کا اختتام عمل میں آیا۔ایڈمنسٹریٹرجناب آصف محی الدین اور انکی ٹیم نے تمام انتظامات کی نگرانی کی۔