ایمبولنس ڈرائیور کے فرزند انس خان
تلنگانہ

ایمبولنس ڈرائیور کے فرزند انس خان آئی آئی ٹی میں داخلہ کے لئے اہل

تعلیم حاصل کرنے میں غربت رکاوٹ نہیں بن سکتی۔ اسی بات کو محبوب نگر کے ماسٹر انس خان نے آئی آئی ٹی حیدرآباد میں نشست کے لئے کوالیفائی کرتے ہوئے یہ ثابت کردیا ہے کہ تعلیم کے لئے سنجیدہ جذبہ ضروری ہے۔

ماسٹر انس خان ایمبولنس 104 کے ڈرائیور غوث خان کے فرزند ہیں جنہوں نے اپنی محنت کے سے انڈین انٹسی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی حیدرآباد میں نشست حاصل کی ہے۔ انس خان نے حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس سے انٹرمیڈیت کیا اور آئی آئی ٹی انٹرنس امتحان کی کوچنگ حاصل کی۔ انہوں نے 94 فیصد نمبرات حاصل کیے ہیں۔ جے ای ای مینس اور اڈوانسد امتحان میں انہیں آل انڈیا رینک 1745 حاصل ہوا ہے۔

غیاث الدین بابو خان چیریٹبل ٹرسٹ کے مطابق انس کے والد نے ٹرسٹ کو فرزند کی کامیابی سے واقف کروایا ہے۔ غوث خان کی تنخواہ 17 ہزار روپے ہے جو کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں۔ انس کا آئی آئی ٹی میں داخلہ لینے کا خواب تھا۔ غیاث الدین بابو خان چیریٹبل ٹرسٹ نے انس کو فیس اور اسکالر شپ کا انتظام کیا۔

حیدرآباد انسٹی ٹیوٹ آف ایکسلنس کے ذریعہ سالانہ 150 طلبہ کی رہنمائی اور مدد کی جاتی ہے۔ تاکہ نیٹ جے ای ای مینس، سی اے، سی پی ٹی اور لاء سیٹ جیسے امتحانات کی کوچنگ دی جاسکے۔ غیاث الدین بابو خان نے کہا کہ اگر نوجوان دو سال تک تعللیم کے جذبہ کے ساتھ ان سے وابستہ ہوجائیں تو ان کی صلاحیتوں کو نکھارتے ہوئے ملک کے لئے قابل فخر بنایا جائے گا۔