اگسٹ میں ہجومی تشدد کے واقعات
قومی خبریں

گائے اسمگلنگ کے شبہ میں مسلم نوجوان ہجومی تشدد کا شکار

ملک بھر میں کسی نہ کسی بہانے بالخصوص گائے اسمگلنگ کے شبہ میں متعدد مسلم نوجوانوں کو ہجومی تشدد کا شکار بنایا گیا جن میں کئی مسلم نوجوان ہلاک ہوئے ہیں۔

ممبئی: ایک ہولناک واقعہ میں کم از کم 6 گاؤ رکھشکوں کو اگت پوری پولیس نے مویشیوں کی اسمگلنگ کے شبہ میں تھانے کے ایک 25 سالہ شخص لقمان سلیمان انصاری کو مارنے اور دوسرے کو زخمی کرنے کے الزام میں بدھ کو یہاں گرفتار کیا ہے۔ ان کا تعلق تھانے سے ہے۔

گزشتہ ہفتے کی مبینہ ‘لنچنگ’ اس وقت سامنے آئی جب پولیس نے متاثرہ شخص کی لاش برآمد کی، جس کی شناخت 25 سالہ لقمان سلیمان انصاری کے طور پر ہوئی تھی، جو تھانے ضلع کے پڑگھا کا رہنے والا تھا۔ ناسک (دیہی) کے پولیس سپرنٹنڈنٹ شاہجی اماپ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ انصاری کی لاش گھٹن دیوی علاقے میں 150 میٹر گہری کھائی میں ملی اور پولیس نے فوری طور پر تحقیقات شروع کردی۔

پولیس کے مطابق یہ جمعرات (8 جون) کی بات ہے جب انصاری نے اپنے دوستوں 36 سالہ عتیق پیڈی اور عقیل گاونڈی کے ساتھ شاہ پور میں ایک کسان خاتون سے تقریباً 18,000 روپے میں ایک بیل، دو گائے اور ایک بچھڑا خریدا اور انہیں ایل ایم وی ٹیمپو میں لے جا رہے تھے۔ پڑگھا کے راستے میں، انہیں 15 سے زیادہ نام نہاد گاؤ رکشکوں نے روکا جو شاہ پور کے قریب 3 کاروں اور کچھ موٹر سائیکلوں میں وہاں پہنچ گئے، انہوں نے پیسے وصول کرنے کی کوشش کی اور انکار کرنے پر انہوں نے ٹیمپو کو اپنے قبضے میں لے لیا اور چار گائے کے ساتھ ٹیمپو پر قبضہ کرلیا اور گاڑی گھٹن دیوی کی طرف موڑ دی۔

انہوں نے پہاڑی علاقوں کے قریب ایک الگ تھلگ جگہ پر ٹیمپو کو روکا اور لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے تینوں پر وحشیانہ حملہ کرنا شروع کردیا۔ تفتیش کاروں نے بتایاکہ جب کہ پیڈی اور گوانڈی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، لقمان انصاری حملے کا نشانہ بن گئے، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں سر پر شدید چوٹوں کی وجہ سے موت کا انکشاف ہوا۔ ملزمین، جو کہ راشٹریہ بجرنگ دل کے رکن بتائے جاتے ہیں، نے دعویٰ کیا کہ انصاری کھائی میں گر کر مر گیا، لیکن پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔

اگت پوری پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر وسنت پاتھوے نے بتایاکہ "دوسری زخمی جوڑیوں کی شکایت درج کرنے کے بعد، پولیس نے ایک چھاپہ مارا اور 6 ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جنہیں سات دن کے لیے پولیس کی تحویل میں دیا گیا ہے۔” ان کی شناخت چیتن سوناونے، پردیپ ادھولے، بھاسکر بھگت، شیکھر گائیکواڑ، وجے بھگڈے اور روپیش جوشی کی حیثیت سے کی گئی اور پولیس اس حملے میں ملوث دیگر افراد کی تلاش میں ہے۔