اسرائیلی پولیس کے ساتھ جھڑپ میں درجنوں فلسطینی زخمی
مسلم دنیا

مسجد اقصی میں اعتکاف کی اپیل

یروشلم : مسجد اقصی بیت المقدس میں یہودی آباد کاروں کی جانب سے آج جمعرات 25 مئی کو مسلمانوں کے قبلہ اول میں اجتماعی دھاووں کے اعلان کے بعد فلسطینی مذہبی جماعتوں نے القدس کے باشندوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں جمعرات کو اعتکاف کریں تاکہ یہودی غنڈی گردی کو روکا جا سکے۔

مسجد اقصیٰ کی جگہ مزعومہ ہیکل سلیمانی کے قیام کے دعوے کرنے والے یہودی گروپوں نے آج یہودی آباد کاروں سے مسجد اقصیٰ میں جمع ہونے اور تلمودی رسومات ادا کرنے کی اپیل کی ہے جس کے بعد فلسطینی مسلمان بھی اپنے مقدس مقام کے تحفظ کے لیے متحرک ہوگئے ہیں۔

فلسطینی مذہبی جماعتوں اور سرکردہ شخصیات کی جانب سے الگ الگ بیانات میں بیت المقدس کے باشندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مسجد اقصیٰ میں جمع ہو اور مقدس مقام کا تحفظ یقینی بنائیں۔ اس مقصد کے لیے القدس کے باشندوں سے کہا گیا ہے کہ وہ قبلہ اول میں اعتکاف کریں اور مسجد میں ضرور حاضر ہو تاکہ ناپاک صہیونی مجرموں کے مکروہ عزائم ناکام بنایا جاسکے۔

واضح رہے کہ یہودی آباد کار جمعہ اور ہفتہ کے دن کے علاوہ دیگر دنوں میں مسجد اقصیٰ پر اجتماعی دھاوے بولتے ہیں اور وہاں جمع ہو کر تلمودی تعلیمات کے مطابق مذہبی رسومات ادا کرتے اور مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے لیے دیگر متنازع رسمیں انجام دیتے ہیں۔ یہودی آباد کاروں کے ان مکروہ عزائم میں انہیں اسرائیلی پولیس اور فوج کی طرف سے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جاتی ہے۔

خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں یہودی آباد کاروں اور اسرائیلی فورسز کی جانب سے مسجد اقصی پر کئی مرتبہ دھاوے کیے گئے جن میں متعدد فلسطینی افراد زخمی ہوئے تھے۔