ریاست کرناٹک 2023 اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہو چکا ہے۔ کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت حاصل ہوگئی ہے۔ کانگریس نے 224 سیٹوں میں سے 136 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ کرناٹک میں بی جے پی کو زبردست شکست ہوئی ہے۔ ان انتخابات میں 9 مسلم امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔
بنگلور: گزشتہ روز کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا جس میں کانگریس پارٹی کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی ہے وہیں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مرتبہ کرناٹک میں نو مسلم امیدواروں نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ گزشتہ انتخابی نتائج سے اس مرتبہ کے نتائج میں معمولی بہتری آئی ہے۔
کرناٹک میں مسلمانوں کی آبادی 13 فیصد سے زائد ہیں۔ پچھلے چار سالوں کے دوران بالخصوص اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست میں حجاب تنازع، حلال گوشت، مسلم ریزرویشن کا خاتمہ، مسلم تاجروں کا بائیکاٹ اور اذان کا معاملہ کافی موضوع بحث رہا ہے۔
کرناٹک اسمبلی انتخابات 2023 میں نو مسلم امیدوار کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے ہیں۔ وہیں جنتا دل سیکولر(جے ڈی ایس) نے بھی مسلمانوں کو اپنے جانب راغب کرنے کی بھر پور کوشش کی اور 23 امیدواروں کو میدان میں اتارا لیکن ایک بھی امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔ اس مرتبہ مسلمانوں نے نفرت کی سیاست کے خاتمے کے لیے ووٹوں کو زیادہ تقسیم نہیں ہونے دیا۔
سنہ 2008 میں کل نو مسلم امیدوار کامیاب ہوئے تھے جو کہ 2013 میں تعداد بڑھ کر 11 ہوگئی تھی جس میں کانگریس سے 9 اور جنتادل سیکولر سے 2 امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ غور طلب ہے کہ جنتادل سیکولر نے آخری وقت میں مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے ساتھ اتحاد کرنے کی تجویز کو مسترد کردیا تھا۔ جس کے بعد اسد الدین اویسی کی زیر قیادت اے آئی ایم آئی ایم نے دو امیدواروں کو میدان میں اتارا تھا جسے کل ووٹوں کا صرف 2 فیصد ہی ووٹ ملا اور دونوں نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وہیں سوشل ڈیمو کریٹک پارٹی آف انڈیا ( ایس ڈی پی آئی) نے 16 امیدوار جس میں 11 مسلم اور پانچ دیگر کو میدان میں اتارا تھا ۔ یاد رہے کہ کرناٹک کی کم از کم 19 سیٹوں پر 30 فیصد سے زیادہ مسلم ووٹرز ہیں۔
1: اتر بیلگام سے آصف (راجو) سیت نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے روی بی پاٹل کو 4231 ووٹوں سے شکست دی۔
2: اتر گلبرگہ سے کنیز فاطمہ نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے چندر کانت بی پاٹل کو 2712 ووٹوں سے ہرایا ہے۔
3: بیدر اسمبلی حلقہ سے رحیم خان نے سوریہ کانت ناگمارپلی کو 10780 ووٹوں سے شکست دی۔
4: شیواجی نگر سے رضوان ارشد نے بی جے پی کے این چندرا کے خلاف 23194 ووٹوں سے جیت درج کی۔
5: شانتی نگر میں بی جے پی کے کے شیوکمار کو 7125 ووٹوں سے ہار کا سامنا کرنا پڑا وہیں این اے حارث نے انہی زبردست شکست دی۔
6: چامراج پیٹ حلقہ سے بی زیڈ ضمیر احمد خان نے بھاسکر راؤ کو 53953 ووٹوں سے ہرایا۔
7: رامانگرم سیٹ سے ایچ اے اقبال حسین نے نکھل کمار سوامی کو 10715 ووٹوں سے شکست دی۔
8: منگلورو سے یوٹی قادر فرید نے بی جے پی کے ستیشن کمپلا 22790 ووٹوں کے فرق سے ہرایا۔
9: نرسمہاراجہ سے تنویر سیت نے بی جے پی کے ایس ستیش سندیش سوامی کو 31120 ووٹوں سے شکست دی۔
یاد رہے کہ سنہ 1978 میں کرناٹک اسمبلی میں مسلم اراکین کی تعداد سب سے زیادہ 16 تھی جب کہ سب سے کم سنہ 1983 میں صرف دو مسلم اراکین اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔