نفرت کی سیاست مسترد
حالات حاضرہ

کرناٹک میں نفرت کا بازار بند: راہل گاندھی

ریاست کرناٹک میں آج اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس میں کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت حاصل ہوئی ہے۔ جبکہ حکمراں بی جے پی انتخابات میں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بی جے پی کی اس شکست پر کانگریس رہنما اور سوشل میڈیا پر مختلف رد عمل سامنے آرہا ہے۔

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں اپنی پارٹی کی جیت پر عوام، پارٹی کارکنوں اور لیڈروں کو مبارکباد دیتے ہوئے آج کہا کہ اس جیت نے ریاست میں نفرت کا بازار بند کرکے محبت کی دوکان کھول دی ہے۔

کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج پر پارٹی ہیڈکوارٹر میں صحافیوں سے راہل گاندھی نے کہا ‘کرناٹک میں نفرت کا بازار بند ہو گیا ہے اور محبت کی دکان کھل گئی ہے۔ راہل گاندھی نے اپنی ‘بھارت جوڑو’ یاترا میں محبت کی دکان کے بارے میں بار بار بات کی تھی۔’

کانگریس کے سابق صدر نے کہا کہ ہم نے کرناٹک میں نفرت سے نہیں بلکہ محبت اور کھلے دل سے لڑائی لڑی تھی اور کرناٹک کے لوگوں نے دکھایا ہے کہ ملک محبت سے پیار کرتا ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ یہ غریب عوام کی طاقت کی جیت ہے۔ کرناٹک میں ایک طرف دولت مند سرمایہ داروں کی طاقت تھی اور دوسری طرف غریبوں کی طاقت، اس طاقت نے دولت مند سرمایہ داروں کی طاقت کو شکست دی۔

کرناٹک کانگریس کے سینئر لیڈران نے کہا کہ یہ کامیابی کرناٹک کے عوام کی ہے کہ عوام نے نفرت و فرقہ پرستی و بدعنوانی کو ناکام بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی عوام نے نفرت کی سیاست، کرپشن خلاف ووٹ دے کر ثابت کر دیا کہ وہ بی جے پی کی حکومت نہیں چاہتے ہیں بلکہ محبت بھائی چارے والی حکومت چاہتے ہیں۔

کرناٹک کانگریس کے جنرل سکریٹری منصور خان نے کہا کہ عوام نے نفرت کی سیاست کو شکست دی ہے اور اس نتائج سے یہ ثابت ہوگیا ہے کہ ملک میں لوگ امن اور سیکولر حکومت چاہتے ہیں۔ کانگریس کے ایم ایل سی سلیم احمد نے کہا کہ لوگوں نے بدعنوان حکومت کو سبق سکھایا اور کانگریس پر بھروسہ کیا۔

وہیں دوسری جانب کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی شاندار جیت پر تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی وی کارگزار صدر بی آر ایس تارک راماراو نے ٹویٹ کیا۔ وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ فلم کیرالا اسٹوری کرناٹک کے عوام کو راغب کرنے میں ناکام رہی ہے۔ وزیر تارک راماراو نے کہا کہ گھٹیا اور تقسیم اور نفرت انگیز سیاست کو کرناٹک کی عوام نے مسترد کردیا۔