رام اللہ: شمالی مغربی کنارہ کے شہر تلکرم میں ایک پناہ گزین کیمپ میں ہفتہ کو اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ میں دو فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تلکرم پناہ گزین کیمپ میں تنازعہ کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے دو فلسطینی افراد پر فائرنگ کی جس کی وجہ سے دو فلسطینی شہری شہید ہوگئے جنہیں شہر کے ایک اسپتال میں مردہ حالت میں لایا گیا تھا۔
اسرائیلی حکام نے فائرنگ کے اس واقعے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ حالانکہ اسرائیل ریڈیو نے بتایا کہ اسرائیل کے خلاف حملوں میں شامل ہونے کے معاملے میں مطلوبہ فلسطینیوں کو گرفتار کرنے کے لئے ایک اسرائیلی سیکورٹی فورسز نے تلکرم پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مارا تھا۔
مطلوبہ فلسطینی شدت پسندوں کو گرفتار کرنے کے لئے اسرائیلی فورسز خاص طور پر شمالی مغربی ساحل میں فلسطینی قصبوں، دیہاتوں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں پر گزشتہ چند ماہ سے میں روزانہ چھاپے مار رہی ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جنوری 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج کے ہاتھوں ان چھاپوں کے دوران 109 فلسطینی افراد شہید ہوئے ہیں۔ اسرائیل نے کہا کہ اسی عرصے کے دوران فلسطینیوں کے ذریعے کئے گئے حملوں میں 19 اسرائیلی مارے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے فلسطینی افراد پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ حال ہی میں اسرائیلی فوجیوں نے مسجد اقصی میں گھس پر نہتے نمازیوں پر بھی حملہ کیا گیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔