مشہور فلپائنی ٹک ٹاکر
مسلم دنیا

مشہور فلپائنی ٹک ٹاکر دائرہ اسلام میں داخل

اسلام ایک آفاقی اور فطری مذہب ہے اس کو جتنا دبانے کی کوشش کی جائے گی یہ اتنا ہی ابھرے گا اور پھیلے گا۔ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سازشوں کے باوجود لوگ اسلام میں داخل ہوتے جارہے ہیں۔

فلپائن کی مشہور ٹک ٹاک اسٹار فیونا جیمس دبئی میں کلمہ شہادت پڑھ کر حلقہ اسلام میں داخل ہوگئیں ہیں۔ فیونا جیمس کا تعلق منیلا سے ہے اور وہ آٹھ برس قبل دبئی منتقل ہوئیں تھیں اور ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز کی تعداد تقریبا آٹھ لاکھ ہے۔

میڈیا کو انٹرویو میں ٹک ٹاکر نے کہا کہ انہیں اذان سننے سے ہمیشہ سکون ملتا ہے اور اسلام کی طرف راغب ہونے کی وجہ اذان ہی بنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسلام قبول کرنے کا فیصلہ انہوں نے کھلے دل کے ساتھ اپنی مرضی سے کیا ہے اور کسی کی جانب سے ان کو اسلام قبول کرنے کیلئے مجبور نہیں کیا گیا۔

فیونا جیمس نے انٹرویو کے دوران اپنے ایک پاکستانی دوست سلمان کا ذکر بھی کیا جس نے انہیں اسلامی تعلیمات کو سمجھانے میں بہت مدد فراہم کی۔ فیونا جیمس کا اسلامی نام ’زینب‘ رکھا گیا ہے اور انہیں دبئی اتھارٹیز کی جانب سے ایک ’نومسلم‘ کا تصدیقی سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

زینب فی الحال اسلام کے بارے میں جاننے کیلئے اسلامک انفارمیشن سینٹر سے آن لائن کلاسز لے رہی ہیں اور قرآن مجید کی مختلف سورتیں بھی حفظ کر رہی ہیں، انہیں امید ہے کہ ایک ماہ میں کورس مکمل کر لیں گی۔ زینب نے مزید کہا کہ ان کے ارکان خاندان بھی اسلام قبول کرنے کے اس فیصلے سے خوش ہیں۔ انہوں نے اپنی مرضی اور خوشی سے اسلام قبول کیا ہے۔