محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی کا بحیثیت امیر جماعت اسلامی ہند آیئندہ میقات ۲۰۲۳ تا ۲۰۲۷ چار سال کے لئے ایک بار پھر انتخاب عمل میں آیا۔
واضح رہے کہ مرکز جماعت اسلامی ہند دہلی میں مجلس نمائندگان کا اجلاس ۲۶ اپریل سے جاری ہے اور مجلس نمائندگان کے ارکان ہی امیر جماعت کا انتخاب کرتے ہیں۔
گذشتہ میقات بھی جناب سید سعادت اللہ حسینی نے امیر جماعت کے فرائض انجام دئے تھے ۔ جناب سید سعادت اللہ حسینی ‘ کا تعلق ناندیڑ ریاست مہاراشٹر سے ہے جبکہ وہ طویل عرصہ سے حیدرآباد (تلنگانہ) میں قیام پذیر ہیں۔ وہ پیشہ سے انجینئر ہیں اور ساتھ ہی اسلامی اسکالر ‘ بہترین مقرر اور کئی ایک کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔
ان کا شمار جماعت اسلامی ہند کے صف اول کے قائدین میں ہوتا ہے اور وہ جماعت کی امارت سنبھالنے والے کم عمر قائدین میں بھی شمار کئے جاتے ہیں ۔ زمانہ طالب علمی میں جماعت کی طلبہ تنظیم اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) کے کل ہندصدر بھی رہ چکے ہیں۔
انہوں نے آئندہ میقات میں مزید حوصلہ کے ساتھ آگے بڑھنے اور دین اسلام کی سربلندی کے لئے کام کرنے کا عزم ظاہر کیا اور عامتہ المسلمین سے استقامت کی دعا کرنے کی اپیل کی۔