شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے خلاف احتجاج
جموں و کشمیر

رامبن میں شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے خلاف احتجاج، ملزم گرفتار

رامبن: جموں و کشمیر کے ضلع رامبن میں انسٹا گرام پر نبی کریم ﷺ کے خلاف توہین آمیز پوسٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اس دوران صدر مقام رامبن کے میتراہ چوک میں ٹریفک کو کم از کم ایک گھنٹے تک بند کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامی کمپلیکس رامبن اور رامبن ٹاون کی طرف جانے والی سڑکوں کو شام چھ بجے سے سات بجے تک احتجاجاً بند کردیا گیا۔

انسٹاگرام پر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور اللہ کے خلاف ایک دوسرے فرقہ کے لڑکے کی جانب سے توہین آمیز تبصرہ کیا گیا۔ مظاہرین ملزم کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔ ضلع انتظامیہ اور پولیس نے بر وقت کاروائی کرتے ہوئے توہین آمیز پوسٹ کرنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے جو نابالغ بتایا جاتا ہے۔ پولیس نے ملزم کی شناخت پرتھم کمار ولد پردیپ کمار کنڈل کی حیثیت سے کی ہے جو کوسی بالا میتراہ رامبن کا رہنے والا ہے۔

ایس پی رامبن موہتا شرما نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس لڑکے کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس کے خلاف پولیس سٹیشن رامبن میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی رامبن موہتا شرما اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رامبن ہربنس لعل نے مظاہرین سے ملاقات کی اور قانون کے مطابق کاروائی کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ ملک میں اس سے پہلے بھی شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے واقعات پیش آچکے ہیں، بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما کی جانب سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی کے خلاف ملک بھر میں زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے اس دوران اترپردیش اور دیگر ریاستوں میں احتجاج کرنے والوں کے ہی خلاف کارروائی کی گئی تھی۔