سری نگر: سری نگر کے برین نشاط علاقے سے تعلق رکھنے والی نیشنل کیڈٹ کور فضا شفیع کو اس سال رکشا منتری کمنڈیشن کارڈ سے نوازا گیا فضا شفیع جموں و کشمیر اور لداخ یونین ٹریٹری کی واحد طالبہ ہے جس کو جموں وکشمیر این سی سی گرلز یونٹ سری نگر کے تحت نمایاں کارکردگی انجام دینے پر اس اعلیٰ درجے کے اعزاز سے نوازا گیا۔
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کرنے کے دوران موصوف کیڈٹ کو اس اعزاز سے نوازا۔
فضا شفیع گرلز ہائیر سکنڈری اسکول نشاط میں دسویں جماعت میں زیر تعلیم ہے۔ ہائیر سکنڈری کے پرنسپل غلام محی الدین شیخ اور دیگر تدریسی و غیر تدریسی عملے نے اپنے اسکول کی اس ہونہار طالبہ کو اسکول اور جموں وکشمیر کا نام روشن کرنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
ہائیر سکنڈری کے ایک سٹاف ممبر نے کہا کہ فضا شفیع ایک ہونہار این سی سی کیڈیٹ کے علاوہ کھیل کے دیگر میدانوں جیسے کھو کھو، بیڈ منٹن اور جھیل ڈل کی صفائی ستھرائی اور روڈ سیفٹی مہموں میں بھی حصہ لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فضا شفیع تعلیم کے میدان میں بھی کسی سے پیچھے نہیں ہے بلکہ اس میں بھی اپنی ذہانت و ذکاوت کا سکہ بٹھا رہی ہے، قومی سطح پر مقابلہ کرکے اتنا بڑا اعزاز حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے۔
فضا شفیع ہر چلینج کو سنجیدگی سے لے کر اس کو سر کرنے کے لئے تندہی، لگن اور حد درجہ جوش و جذبے سے کام کرتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا اسکول فضا جیسی دوسری طالبات کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ وہ اپنی اپنی دلچسپیوں کے میدانوں میں کامیابی کی بلندیوں کو سر کر سکیں۔
واضح رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے 21 جنوری کو دہلی کینٹ میں نیشنل کیڈٹ کور کے یوم جمہوریہ کیمپ کا دورہ کیا اور کیڈٹس کو ان کی مثالی کارکردگی اور ڈیوٹی کے تئیں لگن کے لیے رکشا منتری پدکاور تعریفی کارڈ سے نوازا گیا۔