سعودی حکومت نے عازمین حج وعمرہ کیلیے انشورنس فیس میں کمی کا اعلان کیا ہے، اب حجاج کرام کو 109 ریال کی انشورنس فیس کے بجائے صرف 29 ریال ادا کرنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی وزیر حج و عمرہ کی جانب سے عازمین حج و عمر کیلئے انشورنس فیس میں بڑی کمی کا اعلان کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ حجاج کرام کو اب ایک سو نو ریال کے بجائے صرف انتیس ریال انشورنس فیس ادا کرنی ہوگی، اس کے علاوہ عمرہ کی بھی انشورنس فیس 235 ریال سے کم کرکے 88 ریال کردی گئی ہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ کورونا سے پہلے کا حج کوٹا بحال کرتے ہوئےعمرہ ویزا کی میعاد بھی تیس دن سے بڑھا کر نوے دن کردی گئی ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ حج کیلئےعازمین کی تعداد پر پابندی اور عمر کی حد بھی ختم کردی گئی، عمرہ ویزا رکھنے والے اب پوری مملکت میں گھوم سکتے ہیں، دیگر تمام ویزوں کے حامل افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث عائد کردہ پابندیاں ختم کردی گئی اور اس سال حج اور عمرہ کے بہت سے قوانین میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے دنیا بھر میں عازمین حج اور عمرہ کرنے والے افراد کو سہولیات حاصل ہوں گی۔