بارہ برس سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں
تلنگانہ

حج 2023 میں تلنگانہ عازمین کیلئے رباط کی سہولت کے اقدامات

نظام رباط کمیٹی سے صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کی بات چیت، عازمین کو 40 ہزار روپئے کی بچت

حیدرآباد: حج 2023 میں تلنگانہ اور سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں رباط کی سہولت کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش جاری ہے۔

صدرنشین تلنگانہ حج کمیٹی جناب محمد سلیم نے نظام رباط کمیٹی کے سکریٹری اور ٹرسٹی سے ربط قائم کرتے ہوئے اس مسئلہ پر مشورہ کی دعوت دی۔ نظام رباط کمیٹی کے ٹرسٹی فیض خاں نے محمد سلیم سے کہا کہ وہ جنوری میں سعودی عرب کے دورہ پر روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ناظر رباط حسین شریف سے ملاقات کریں گے۔ عازمین حج کیلئے رباط کی سہولت کی فراہمی کے سلسلہ میں بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ناظر رباط نے 2023 میں رباط کیلئے عمارت کرایہ پر لینے کا تیقن دیا تھا۔ اب جبکہ 2023 حج سیزن کیلئے آن لائن درخواستوں کے ادخال کا عنقریب آغاز ہوگا، ناظر رباط کو عمارت کی موجودگی کی اطلاع دینی چاہیئے تاکہ حج کمیٹی آف انڈیا کو انتظامات میں سہولت ہو۔

فیض خاں نے محمد سلیم کو بتایا کہ سعودی عرب سے واپسی کے بعد حج کمیٹی کے ارکان اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے۔

واضح رہے کہ ناظر رباط نے حج 2023 کیلئے رباط کے انتظامات کو غیر یقینی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ حرم شریف کے اطراف توسیعی کاموں کے نتیجہ میں رباط کیلئے عمارت دستیاب نہیں ہے۔ رباط کی موجودہ عمارت توسیعی کاموں میں منہدم ہوچکی ہے۔ ناظر رباط نے 2024 میں طعام کے ساتھ انتظامات کا تیقن دیا۔

واضح رہے کہ سابق ریاست حیدرآباد کے عازمین کو رباط میں الاٹمنٹ کی صورت میں فی کس تقریباً 40 ہزار روپئے کی بچت ہوتی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ وہ جاریہ سال رباط کے انتظامات کو نظام رباط کمیٹی کے اشتراک سے یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ سے سعودی حکومت کو مکتوب روانہ کیا جائے گا۔ اسی دوران حج 2023 کیلئے جاریہ ماہ حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے درخواستوں کے آن لائن ادخال کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

محمد سلیم نے ریجنل پاسپورٹ آفیسر ڈی بالیا سے بات چیت کرتے ہوئے حج کے خواہشمند عازمین کے پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے دو روزہ خصوصی مہم کا اہتمام کیا تھا۔ ضرورت پڑنے پر ریجنل پاسپورٹ آفیسر سے خصوصی کاؤنٹر کی سفارش کی جائے گی۔