گورکھپور: ریاست اترپردیش کے ضلع گورکھپور کی رہنے والی انیسہ گوہر نے انڈین اکنامکس سروس (آئی ای ایس) کے امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کرکے نہ صرف اپنا اور اہل خانہ کا نام روشن کیا بلکہ اپنے علاقے گورکھپور کا نام بھی روشن کیا۔
انیسہ گوہر نے انڈین اکنامکس سروس امتحان میں 11ویں مقام حاصل کیا ہے۔ انیسہ گوہر فی الحال IIT کھڑگپور میں خواتین کو بااختیار بنانے پر تحقیقاتی کام کر رہی ہے۔ وہ بنیادی طور پر اکنامکس کی طالبہ ہے۔ انیسہ نے کہا کہ یہ ان کی تیسری کوشش تھی جس میں انہیں اتنی بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
یونین پبلک سروس کمیشن (UPSC) 2022 کے امتحان میں کامیاب ہو کر انیسہ نے یہ ریکارڈ بنا کر اپنے خاندان اور گورکھپور کا نام روشن کیا ہے۔ ابتدائی تعلیم سے لے کر بی ایس سی تک انیسہ نے گورکھپور میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے IIT روڑکی سے ایم ایس سی اکنامکس کیا ہے جو سال 2019 میں مکمل ہوا تھا۔ اس کے بعد وہ IIT کھڑگپور سے خواتین کو بااختیار بنانے میں تحقیقی کام کر رہی ہیں۔ اس دوران وہ یو پی ایس سی کے امتحانات میں شرکت کرتی رہی اور کامیابی حاصل کی۔
اس کامیابی کے بعد انیسہ گوپر کو وزارت خزانہ، حکومت ہند میں ڈپٹی ڈائریکٹر کے طور پر تعینات کیا جائے گا۔ اس دوران وہ ڈیڑھ برس کی تربیت حاصل کریں گی۔ گورکھپور کے شاستری نگر محلے میں رہتے ہوئے انہوں نے بچپن کی تعلیم مکمل کی اور مزید تعلیم کے لیے روڑکی اور کھڑکپور میں تعلیم حاصل کی۔
انیسہ کا کہنا ہے کہ ملک کو معاشی طاقت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ وہ خواتین کو بااختیار بنانے، زراعت اور صحت کے شعبوں کو بھی مضبوط کرنے کے لیے معاشی پالیسیوں کی تشکیل کا حصہ بننا چاہتی ہیں۔ اسی لیے اس نے اکنامکس سروس جوائن کرنے کا ارادہ کیا تھا اور اسی کے مطابق تیاری کر رہی تھی۔ اس میں اسے بالآخر کامیابی مل گئی۔