ہومین ویلفیئر فاونڈیشن تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے مختلف مقامات پر ناگرک وکاس کیندر قائم کئے جارہے ہیں جس کا مقصد عوام کو بروقت حکومتی اسکیمات سے واقف کروانا اور دستاویزی کاموں میں ان کی مدد و رہنمائی کرنا اور ان میں شعور و آگاہی بیدار کرنا ہے۔اسی طرح موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس تلنگانہ، ریاست میں سماجی جدوجہد میں مصروف ہے اور ریاست کے کئی اضلاع میں اس کے دفاتر قائم ہیں۔
25،ڈسمبر2022 بروز اتوار بمقام سری نگر کالونی مادنا پیٹ نزد مسقطی گراونڈ (یاقوت پورہ) پر سابق ڈی جی پی متحدہ آندھراپردیش و آئی پی ایس جناب ایس۔ انوار الھدی،کے ہاتھوں ناگرک وکاس کیندر اور موومنٹ فار پیس اینڈ جسٹس یاقوت پورہ یونٹ کے مقامی دفاتر کا افتتاح عمل میں آیا۔جناب ایس۔ انوار الھدی نے اس طرح کے کاموں کی ستائش کی اور اپنی نیک خواہشات پیش کیں۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو حکومتی اسکیمات سے عدم واقفیت اور قوانین سے لاعلمی کی وجہہ سے کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سنٹرس ہر گلی میں شروع ہونے چاہیے۔ انہوں نے ایم پی جے کے کاموں کی بھی ستائش کی۔وسائل اور شعور رکھنے والے افراد سے انہوں نے اپیل کی کہ وہ ان کاموں میں تعاون پیش کرنے کے لئے آگے آئیں۔
جناب احمد عبد النعیم،کارگذار صدر ایم پی جے تلنگانہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج بڑی تعداد میں ایسے افراد ہیں جن کے پاس بنیادی دستاویزات جیسے شناختی کارڈ، راشن کارڈ، آدھار کار ڈ وغیرہ یا ہے ہی نہیں یا اکثر ان میں غلطیاں پائی جاتی ہیں۔جس کا درست ہونا ضروری ہے ورنہ ایسے لوگ فلاحی اسکیمات سے محروم ہوجاتے ہیں۔
جناب محمد اکرم، ڈائریکٹر ہومین ویلفیئر فاونڈیشن تلنگانہ نے اس موقع پر ناگرک وکاس کیندرکے کاموں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ریاست میں این وی کے کا نواں دفتر ہے جبکہ شہر میں اس طرح کہ مزید دو مراکز پہلے سے کام کر رہے ہیں ان سنٹرس کے زریعہ اب تک تیرہ ہزار خاندانوں کو فلاحی اسکیمات کے زریعہ ڈھائی کروڑ سے زائد کی امداد پہنچائی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ یاقوت پورہ میں قائم کئے جارہے اس سنٹر کے زریعہ اطراف واکناف میں رہنے والے افراد کی بلالحاظ مذہب وملت ہر قسم کی رہنمائی کی جائے گی۔جناب سلیم الہندی (سکریٹری،ایم پی جے تلنگانہ) نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم پی جے طویل عرصہ سے ریاست میں سماجی خدمات انجام دے رہی ہے، ایم پی جے کا مقصد حقوق انسانی کا تحفظ اور پاسداری،جمہوری اقدار کا فروغ و استحکام، غربت اور جہالت کا خاتمہ، اور حکومت اور انتظامیہ کو اسکی ذمہ داریوں کی جانب توجہ دہانی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقامی دفتر کے قیام کے زریعہ مقامی افراد کو مفت قانونی مشاورت، فیملی کاونسلنگ جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔امیر مقامی جماعت اسلامی ہند،یاقوت پورہ نے کہا کہ ان سنٹرس کا آغاز یہاں کی عوام کے لئے نعمت ثابت ہوگا۔ایم آئی ایم کے مقامی کارپوریٹر جناب محمدمظفر حسین نے بھی اس افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور ممکنہ تعاون کا تیقن دیا۔
جناب فیاض احمد خان (مقامی صدر ایم پی جے یاقوت پورہ)نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔جناب حسین بن احمد(مقامی سکریٹری ایم پی جے یاقوت پورہ)نے پروگرام کی نظامت کی۔ اس موقع پر جناب احمد حمید الدین شکیل(ایم پی جے تلنگانہ)،جناب محمد حسام الدین متین(رکن شوری جماعت اسلامی ہند یاقوت پورہ)، ایڈوکیٹ محمد خالد عبد الرحمن کے علاوہ ایم پی جے یاقوت پورہ ایکزیکٹیو باڈی کے اراکین جناب محمد کلیم الدین، جناب سید مقصود ہاشمی، جناب شاہنواز احمد،جناب محمد سجادعلی،جناب سید عثمان علی،جناب انور خان،جناب عبد الرحمان اکرم، جناب محمد معز،جناب توصیف اللہ،محترمہ محمدی بیگم،محترمہ گوہر فاطمہ،محترمہ شاھین سلطانہ کے علاوہ مقامی عوام کی کثیر تعدا د موجود تھی۔