قومی خبریں

حافظ قاری محمد شعیب شرف الدین کو آل انڈیا قرأت مسابقہ میں انعام اول

قران مجید اللہ جل شانہ کی مقدس کتاب ہے قرآن مجید کو حفظ کرنا پڑھنا اور سب سے بڑھ کر اس پر عمل کرنا ایک مومن بندہ کے لئے بڑی سعادت کی بات ہے۔

دنیا بھر میں حفظ قرآن مجید اور قرات کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں۔ جن میں بہترین کارکردگی کرنے والے انعام اور تہنیت سے نوازا جاتا ہے۔

حیدرآباد: ہندوستان کے ممتاز و مایہ ناز وجید حافظ قاری محمد شعیب شرف الدین نے کیرالا میں منعقد آل انڈیا قرأت مسابقہ میں انعام اول حاصل کیا مسابقے میں تلنگانہ ،کرناٹک، کیرالا و دیگر ریاستوں سے قرائے کرام نے حصہ لیا تھا۔

ججس حضرات نے قاری شعیب کی قرأت کی خوب ستائش کی اور دعاؤں سے نوازا۔ قاری محمد مشتاق ، کیرالا نے انعام دوم اور قاری اصحاب یم کو انعام سوم سے نوازا گیا۔

انعام اول حاصل کرنے والے کو ’’عمرہ کی ادائیگی‘‘ کا انعام رکھا گیا جبکہ دوم اور سوم کو بالترتیب بیس ہزار اور دس ہزار روپے انعام دیئے گئے۔ بقیہ قراء کرام کو شرکت کی سند دی گئی۔

واضح رہے کہ قاری محمد شعیب شرف الدین اپنے والد ڈاکٹر قاری محمد نصیر الدین منشاوی کی رہنمائی میں اس سے قبل بھی کل ہند مسابقۂ حفظ و قرأت میں مختلف مقامات پر انعام اول حاصل کرچکے ہیں شرفیہ
قرأت اکیڈیمی کے وہ جوائنٹ سکریڑی بھی ہیں۔