جموں و کشمیر میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے، وادی کشمیر میں مختلف میدانوں میں کشمیری نوجوانوں نے نہ صرف اپنا بلکہ کشمیر اور ملک کا نام روشن کیا ان ہی میں سے ایک آئرہ چشتی ہے۔
سرینگر: جموں و کشمیر کی رہنے والی عالمی سطح کی ووشو ایتھلیٹ آئرہ چشتی نے آٹھویں عالمی جونیئر ووشو چیمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیت کر ملک اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کا نام روشن کیا ہے۔
آئرہ چشتی انڈونیشیا کے بینٹن میں منعقدہ عالمی مقابلے میں میکنزی میڈل جیتنے والی جموں و کشمیر کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔
چشتی نے قومی سطح پر متعدد تمغے جیتے ہیں اور کئی قومی سطح کے کیمپوں میں شرکت کی ہے۔ اس سے قبل اُنہوں نے جارجیا میں بین الاقوامی ووشو چیمپئن شپ میں بھارت کے لیے طلائی تمغہ جیتا تھا۔
مقابلہ جیتنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئرہ چشتی کے والد رئیس چشتی نے کہا کہ ان کے لیے فخر کی بات ہے۔ "میں بہت خوش ہوں کہ میری بیٹی نے ملک اور جموں و کشمیر کے لیے تمغہ جیتا ہے۔”اُن کا مزید کہنا تھا کہ”وہ چند روز بعد کشمیر لوٹے گی۔
آئرہ چشتی کی کامیابی پر جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کے دفتر سے جاری ایک ٹویٹ میں بیان میں کہا گیا "جموں کشمیر کے لیے قابل فخر لمحہ! آئرہ کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔