غزہ :اسرائیلی جیلوں میں بند 77 فلسطینی قیدیوں نے قرآن پاک حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرلی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کتاب اللہ کو حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرنے والے فلسطینی قیدیوں کے اعزاز میں غزہ کی پٹی میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
اس تقریب میں مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین اور سرکردہ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ایک ریکارڈ شدہ ویڈیو تقریر میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے سیاسی بیورو کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے قران پاک حفظ کرنے والے قیدیوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ دن ان افراد کے اخلاص، ان کی ثابت قدمی اور ان کے مجاہد آزادی ہونے کا ثبوت ہے۔ قیدیوں نے اسیری کے طویل سالوں اور جیلوں میں تنہائی کے اندھیروں میں ایمان اور قرآن کے ہتھیار کو اپنے ساتھ رکھا۔ بچوں اور اپنے وطن سے دوری کے ساتھ دشمن کی قید میں ہوتے ہوئے انہوں نے اپنے سینے کو قرآن سے منور کیا ہے۔