مہاراشٹر نو نرمان سینا کے صدر راج ٹھاکرے نے عین گجرات انتخابات کے موقع پر ممبئی میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان بند کرنے کا مطالبہ کیا اس اشتعال انگیزی اور وارننگ دینے کے بعد کئی شہر کے علاقوں میں پولیس سرگرم ہوگئی اور الرٹ بھی ہے۔
ذرائع کے مطابق متعدد علاقوں میں پولیس نے کارروائی بھی شروع کردی ہے اور ایم این ایس کے ورکرز بھی چوکنا ہوگئے ہیں۔ خصوصی طور پر جمعہ کے دن کئی علاقوں میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان اور خطبہ کے موقع پر تیز آواز کے نتیجہ میں پولیس کنٹرول روم اور پولیس تھانے میں کالز کیے گئے ہیں۔
پولیس نے چند علاقوں میں مساجد کے منتظمین اور ٹرسٹیوں کو مکتوب بھی بھیج دیئے ہیں اور یہ بھی کہاگیا ہے کہ لاوڈ اسپیکر کی آواز کم کی جائے اور ان کے رخ بھی تبدیل کیے جائیں۔ پولیس ملی جلی آبادی والے علاقوں میں سرگرم ہے۔
واضح رہے کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ طلوع آفتاب تقریباً سات بجے ہونے کی وجہ سے مساجد میں اب چھ بجکر پانچ منٹ اذان دی جارہی اور پندرہ بیس منٹ بعد نماز ہوتی ہے۔اور طلوع کا وقت بھی پچیس سے تیس منٹ بعد واقع ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی راج ٹھاکرے میں مہاراشٹر میں لاؤڈ اسپیکر پر اذان بند کرنے کی دھمکی دی تھی اور کہا تھا کہ اگر لاؤڈ اسپیکر پر اذان بند نہ کی گئی تو وہ لاؤڈ اسپیکر پر ہنومان چالیسہ پڑھیں گے جس کے بعد پولیس نے ایم این ایس کے کئی کارکنوں کو حراست میں لیا تھا۔