رامپور: سینئر سماج وادی پارٹی لیڈر و سابق کابینی وزیر محمد اعظم خان نے رام پور میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مقامی انتظامیہ کو رائے دہندگان کو دھمکانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بی جے پی امیدوار کو فاتح قرار دے دینا چاہیے۔
اعظم خان نے کہا’ جب رامپور میں ضمنی الیکشن شفاف طریقے سے منعقد نہیں ہورہے ہیں تو ایسی صورت میں بی جے پی امیدوار کو منتخب قرار دے دینا چاہیے۔اس کے لئے میں پارٹی سربراہ کے ذریعہ الیکشن کمیشن سے درخواست کروں گا۔
اعظم خان نے کہا کہ جس طریقے سے فلیگ مارچ کے ذریعہ رائے دہندگان کو خائف کیا جارہا ہے ایسے میں ضمنی الیکشن کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اعظم نے الزام لگایا کہ رائے دہندگان کو ڈرانے اور انہیں ووٹنگ کے لئے گھروں سے باہر نہ آنے کی دھمکی دی جارہی ہے۔ ووٹرز کو دھمکی دی جارہی ہے کہ اگر انہوں نے ایس پی کو ووٹ کیا تو انہیں ان کے گھروں سے نکال دیا جائے گا، یہاں تک کی میری بیوی کو بھی گھر سے باہر نہ آنے کا انتباہ دیا گیا ہے۔ اس طرح کی وحشیانہ حرکت، خواتین کے ساتھ ناروا اور ناشائستہ سلوک کسی بھی سسٹم کو زیب نہیں دیتا۔
واضح رہے کہ اعظم خان کی رکنیت منسوخ کرنے کے بعد رامپور میں ضمنی انتخابات کا اعلان کیا گیا، سماج وادی پارٹی نے عاصم راجا کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ جو کے اعظم خان کے کافی قریبی مانے جاتے ہیں۔ اعظم خان کی نہ صرف اسمبلی کی رکنیت منسوخ کی گئی ہے بلکہ ان سے ووٹ ڈالنے کا حق بھی چھین لیا گیا۔