حیدرآباد: ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اس سال ٹیچرس ڈے کے موقع اپنے اساتذہ سے عمرہ کا وعدہ کیا تھا جو آج پورا ہوگیا منتخب اساتذہ کا قافلہ عمرہ کے مقدس سفر پر روانہ ہوگیا ہے۔
اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے منیجنگ ڈائریکٹر انور احمد نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا ہی خوشی کا دن ہے کہ ایم ایس کی جانب سے ٹیچرز ڈے کے موقع پر جو وعدہ کیا گیا تھا وہ آج پورا ہوگیااور ایم ایس ٹیچرز کا قافلہ عمرہ کے لئے روانہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم ایس کی جانب سے ہر سال ٹیچرز ڈے کے موقع پر یہ سلسلہ جاری رہے گا اور غیر مسلم ٹیچرز کو دبئی کے سفر پر پانچ دن کے لئے بھیجا جائے گا۔
اس موقع پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر معظم حسین نے کہا کہ عمرہ کے لئے منتخب ٹیچرس اور ان کے ہمراہ عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والوں کی کل تعداد 50 پر مشتمل ہے۔ ان کے علاوہ دیگر افراد پر مشتمل کل 70 افراد کا قافلہ آج صبح 5 بجے حیدرآباد کے ایئر پورٹ سے سعودی عرب کے لئے سفر پر روانہ ہوگیا ہے۔ اس سفر میں نئی دہلی سے 4 اور ممبئی سے 2 افراد قافلہ میں شامل ہیں اس طرح یہ قافلہ 76 عازمین عمرہ پر مشتمل ہے۔ یہ سفر کل 15 روزہ ہوگا اس دوران 7 دن مکہ اور 7 دن مدینہ منورہ میں قیام رہے گا۔
قبل ازیں 21 نومبر ایم ایس کارپوریٹ آفس میں ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں عمرہ کے لئے منتخب ٹیچرز اور ان کے ساتھ جانے والوں کو مدعو کیاگیا تھا۔
اس موقع پر مفتی نعیم نے عمرہ کو جانے والے خوش نصیب ٹیچرز اور ان کے اہل خانہ کو عمرہ کے فرائض، سنتوں اور واجبات سے تفصیل سے واقف کروایا۔ عمرہ کی سعادت کے عزم کے ساتھ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے ٹیچرس کا قافلہ 26 نومبر کو رات دیر گئے ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے کارپوریٹ آفس سے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ روانہ ہوا اور وہاں سفر کے جملہ امور کی تکمیل کے بعد آج صبح 5 بجکر 5 منٹ پر جده کے لئے پرواز کرچکا۔
قافلے کی روانگی کے سے پہلے عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے ٹیچر نے کہا کہ ایم ایس کی جانب سے شروع کردہ یہ مہم بہترین مہم ہے، اللہ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائیں۔