مسلم دنیا

غزہ میں بھیانک آتشزدگی، بچوں سمیت 21 افراد ہلاک

غزہ: فلسطین کے شمالی غزہ کی پٹی میں جمعرات کو ایک رہائشی عمارت میں زبردست آگ لگنے سے 7 بچوں سمیت کم از کم 21 افراد ہلاک اور 30 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔

اسپتال کے ڈائریکٹر صالح ابو لیلیٰ نے بتایا کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے اور جبالیہ پناہ گزین کیمپ کے علاقے تل زطار میں لگنے والی آگ میں ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔

فلسطینی شہری دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ اس نے امدادی ٹیمیں اور متعدد سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر روانہ کر دیے ہیں۔
غزہ میں وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ آگ عمارت کے اندر ذخیرہ شدہ ایندھن کی بڑی مقدار کی وجہ سے لگی ہو گی۔

مقامی ذرائع اور عینی شاہدین نے بتایا کہ رہائشی عمارت ابو ریا خاندان کی تھی جہاں خاندان کا ایک فرد مصر سے طویل انتظار کے بعد واپسی کا جشن منا رہا تھا۔