بارہ برس سے کم عمر بچوں کو اس سال حج کی اجازت نہیں
تلنگانہ

تلنگانہ: حج 2023 کے اخراجات میں ایک لاکھ روپے کی کمی ہوگی

حیدرآباد : تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیرمین محمد سلیم نے 12 نومبر کو دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آنے والے سیزن سے عازمین حج کے اخراجات میں 1 لاکھ روپے کی کمی کی جائے گی، جس سے عازمین حج کو کافی سہولت حاصل ہوجائے گی۔

محمد سلیم نے میڈیا سےبات کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حج کمیٹیوں کے تمام نمائندوں نے اقلیتی امور کی وزیر اسمرتی ایرانی سے حج کے اخراجات کو 4 لاکھ روپے سے گھٹا کر 2.5 لاکھ سے 3 لاکھ روپے تک کرنے کی درخواست کی ہے جس پر وزیر نے اتفاق کیا۔

تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے قبل ازیں سنٹرل حج کمیٹی سے اپنے سالانہ حج کوٹہ کو 7000 اور آندھرا پردیش کا 3000 تک بڑھانے کی درخواست کی تھی۔

حج کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اس سے پہلے ہر حاجی کو 1 لاکھ سے 1.25 لاکھ روپے حج کی ادائیگی میں خرچ آتا تھا لیکن گزشتہ چند سالوں سے اس میں اضافہ ہوکر یہ رقم 4 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔ حج کے اخراجات میں اضافہ کی وجہ سے غریب اور متوسط ​​طبقہ حج کی ادائیگی سے قاصر ہوتا جارہا ہے۔ اس لیے ہم نے مرکز سے درخواست کی کہ اس میں کم از کم ایک لاکھ روپے کی کمی کی جائے۔

تلنگانہ حج کمیٹی کے چیئرمین محمد سلیم نے یہ بھی اعلان کیا کہ تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کو سال 2022-23 کے لیے ‘بہترین امبارکیشن پوائنٹ’ کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اسی دوران محمد سلیم نے وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ سے کمیٹی کو تعاون فراہم کرنے پر اظہار تشکر کیا ہے۔

ایوارڈ حاصل ہونے پر محمد سلیم نے کہا کہ اصل ایوارڈ تو خدا کی جانب سے آخرت میں دیا جانے والا ایوارڈ ہوگا ہمیں بس حجاج کرام کی خلوص دل سے خدمات کرنی ہے۔

محمد سلیم نے مزید کہا کہ حج کمیٹیاں پرائیویٹ آپریٹرز کی طرف سے وصول کیے جانے والے چارجز کی بھی نگرانی کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ حکومت کی ہدایات پر عمل نہیں کرتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

اگلے حج سیزن کے لیے درخواستوں کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ وہ دسمبر کے پہلے ہفتے سے درخواستیں قبول کریں گے۔

سنٹرل حج کمیٹی دسمبر میں عازمین حج کے لیے نئے رہنما خطوط جاری کرے گی اور عازمین حج کے لیے رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔