afghan women
مسلم دنیا

افغانستان: خواتین کے جم اور عوامی حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد

افغانستان میں طالبان حکومت کی جانب سے خواتین کے اب جم اور عوامی مقامات پر واقع حمام میں جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سے پہلے خواتین پر پارک اور دیگر تفریحی مقامات اور میلوں میں جانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

وزارت برائے پریوینشن آف وائس اینڈ پروموشن آف ورچو(امر بالمعروف ونہی عن المنکر) کے ترجمان محمد عاکف صادق مہاجر نے کہا کہ خواتین کے جم جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، کیونکہ خواتین کے جمز میں ان کے ٹرینر مرد ہوتے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ جمز مخلوط ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے ’عوامی حمام‘ میں جانے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ہی وزارت امر بالمعروف و نہی عن المنکر نے کہا تھا کہ خواتین گھر سے باہر نکلتے وقت اسلامی لباس پہننے پر پوری طرح عمل نہیں کر رہی ہیں اس لیے انہیں پارکس میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ترجمان محمد عاکف مہاجر نے مقامی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ 14 یا 15 ماہ سے ہم خواتین کو اسلامی قوانین کے مطابق ماحول فراہم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہیں پارکس میں جانے کے لیے اسلامی لباس پہننے کا پابند کر رہے ہیں۔تاہم اس پر عمل نہیں کیا جارہا ہے جس کے باعث پارکس میں جانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔