قومی خبریں

ہبلی عیدگاہ میدان میں گائے کے پیشاب کا چھڑکاؤ

ہبلی: ایک ہندو تنظیم نے جمعہ کو کرناٹک کے ہبلی عیدگاہ میدان میں ٹیپو جینتی منائے جانے کے بعد گائے کے پیشاب کا چھڑکاؤ کیا ہے، اس واقعہ کے بعد ایک اور بحث چھڑ گئی اور اس واقعہ کی ترقی پسند افراد کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔

سیاست ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق سری رام سینا کے ممبران عیدگاہ میدان کے احاطے میں کنکا جینتی منانے کے لیے جمع ہوئے اور میدان کو صاف کرنے کے لیے گائے کے پیشاب کا چھڑکاؤ کیا کیونکہ جمعرات کو اس میدان میں ٹیپو جینتی منائی گئی تھی۔

سری رام سینا کے بانی پرمود متھالک نے کنکا جینتی کی تقریب شروع کرنے سے پہلے گائے کے پیشاب کا چھڑکاؤ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیپو سلطان ایک مذہبی جنونی شخص تھا اور ان کی یوم پیدائش منانے سے گراؤنڈ آلودہ ہوگیا تھا اسی بناء پر پیشاب کا چھڑکاو کیا گیا۔

ٹیپو جینتی منانے کے بعد ہندو تنظیموں نے کنکا جینتی منانے کی اجازت مانگی ہے۔ سری رام سینا کے اراکین نے عیدگاہ میدان میں اپنی تقریبات کے لیے ایک پینڈل لگایا۔

خیال رہے کہ کرناٹک میں بنگلورو عیدگاہ میدان اور ہبلی عیدگاہ میدان تنازع کا شکار ہے یہاں پر فرقہ پرست عناصر مختلف مواقع پر تقریبات منعقد کرنے کے لئے ہنگامہ کھڑا کرتی ہیں۔ کرناٹک میں آئے دن کچھ ایسے واقعات رونما ہوتے ہیں جس سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو شدید نقصان پہنچتا ہے۔