سری نگر: جموں وکشمیر میں مرکزی حکومت کی جانب سے عسکریت پسندی سے متاثرہ خاندان اور مسلم و غیر مسلم مہاجروں کے بچوں کے لئے سینٹرل پول میں ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کی چار سیٹیں مخصوص رکھی ہیں۔
مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبود (محکمہ صحت و خاندانی بہبود) نئی دہلی کی طرف سے الاٹمنٹ حاصل کرنے کے بعد جموں وکشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرانس ایگزامینیشنز (بی او پی ای ای) نے نیٹ یوجی 2022 کوالیفائی کرنے والے امیدواروں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
ان چار سیٹوں میں سے جن کالجوں ایک ایک سیٹ الاٹ کی گئی ہے ان میں نالندہ میڈیکل کالج پٹنہ بہار، گورنمنٹ میڈیکل کالج چندی گڑھ، لیڈی ہارڈنگ میڈکل کالج نئی دلی اور ایس ایم ایس میڈیکل کالج جے پور شامل ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سیٹوں کی نامزدگی کے لئے جو امیدوار اہل ہیں ان میں وہ بچے جن کے والد یا گھر کا کوئی فرد عسکریت پسند کارروائیوں میں ہلاک ہوا ہو یا ان بے گناہ افراد کے بچے جو فائرنگ کے تبادلے یا عسکریت پسندوں کا مقابلہ کرنے کے دوران سیکورٹی فورسز کی فائرنگ میں ہلاک ہوئے ہوں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے اشخاص کے بچے بھی سیٹوں کی نامزدگی کے اہل ہیں جن کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران خاص کر عسکریت پسندی سے متعلق کارروائیوں کے دوران خطرات لاحق ہوں نیز جنگجو تنظیموں کے ہٹ لسٹ میں درج لوگوں کے بچوں کو اضافی ویٹیج دی جائے گی۔
تیسرے زمرے میں ان مسلم یا غیر مسلموں کے بچے آتے ہیں جنہوں نے موجودہ حالات کی وجہ سے کشمیر سے نقل مکانی کی ہو اور اس وجہ سے وہ روزی روٹی کے وسیلے جیسے تجارت یا دوسرے املاک سے محروم ہوئے ہوں۔ اہل امیداروں سے درخواستیں جمع کرنے کی آخری تاریخ 18 نومبر 2022 قرار دی گئی ہے۔