ممبئی: ممبئی میں اسلام جمخلانہ میں کینسر مریضوں کے لئے ایک تقریب منعقد کی گئی جس سے انڈو عرب سوسائٹی کے صدر اور معروف سوشل ورکر اور متعد فلاحی وطبی تنظیموں سے وابستہ ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے مسلمانوں کو موجودہ حالات میں مسلمانوں کو حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صلح حدیبیہ پر عمل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی 140 کروڑ کی آبادی میں مسلمان لگ بھگ 25-24 ،کروڑ ہیں اور انہیں اکثریتی فرقے کا اعتماد حاصل کرنا ہوگا۔
ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر نے کہاکہ اقلیتی گروہ کو حب الوطنی کے جذبہ کے تحت قومی دھارے میں شامل ہونا چاہیے جبکہ یہ بھی حقیقت ہے کہ حکومت کی مسلمانوں کی طرف توجہ نہ دینے کی وجہ سے ملک کی ترقی ممکن نہیں ہے۔ اسلام جمخانہ کی جانب سے کینسر مریضوں کو طبی امداد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہوں نے اسلامی تعلیمات کے تحت مطلع کیا کہ ہمیں دیگر مذاہب کے ماننے والوں سے بہتر سلوک کرتے ہوئے ان کے حقوق کا خیال رکھنا چاہئے تاکہ ایک خوشحال اور ہم آہنگی کا معاشرہ تیار ہوسکے جہاں سبھی مل جل کر رہیں۔
ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر نے حسب معمول مشورہ دیا کہ مسلمانوں کو موجودہ حالات میں صلح حدیبیہ پر عمل کرنا چاہئے کہ رسول اللّٰہ ﷺنے طاقت ہونے کے باوجود قریش مکہ سے صلح کی تھی اور عمرہ کیے گئے واپس مدینہ واپس لوٹ گئے تھے۔
اس پر عمل کرتے ہوئے مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ آئندہ دس سال کے لیے صرف اور صرف تعلیم پر توجہ دینا چاہئے اور سیاست سے ایک حد تک دوری اختیار کی جائے تاکہ آئندہ نسل کو ایک بہتر مستقبل دیا جائے، انہیں عصری علوم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم کو بھی عام کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہاکہ یہی نہیں بلکہ یورپ، امریکہ اور دیگر مغربی ممالک اسلامی فوبیا کا شکار ہیں، اس لیے ہونا یہ چاہئے کہ ہم اپنے بہتر اخلاق اور خوش اسلوبی سے دیگر اقوام کا دل جیتنے کی کوشش کریں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر محمد علی پاٹنکر طبی میدان کے ساتھ تعلیمی اور ثقافتی وصحافتی میدانوں میں بھی اپنی سرگرمیوں کو ترجیح دیتے ہیں۔ فی الحال ڈاکٹر پاٹنکر انڈوعرب سوسائٹی کے صدر ہیں۔