مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں شدید جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں 4 فلسطینی افراد شہید جبکہ ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔
فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین کے قریب اسرائیلی فورسز کی فائرنگ میں 2 فلسطینی شہید جبکہ مزید 4 فلسطینی شدید زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ شمالی مغربی کنارے میں چھاپہ مار رہی تھی کہ اسی دوران کچھ گھنٹے بعد یروشلم کے پرانے کوارٹر میں فلسطینیوں کی جانب سے مبینہ طور پر اسرائیلی فورسز پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہوا۔
قبل ازیں مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فورسز کی فلسطینیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایک اور فلسطینی شہید ہوا تھا۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ پناہ گزینوں کے لیے جنین کیمپ میں آپریشن کررہے تھے لیکن وہ حملہ آور کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے۔
فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی وفا کے مطابق حملہ آور 20 سالہ عامر بدر مقامی شہری تھا۔حالیہ واقعہ اسرائیل کے زیر قبضہ مشرقی یروشلم میں مسجد اقصیٰ کے قریبی علاقے میں چوکی کے قریب پیش آیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں سال صرف اکتوبر میں مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے میں جھڑپوں اور فائرنگ کے دوران 34 فلسطینی افراد شہید اور 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔