Hyderabad: ‘Guldasta Quran’ released by Mufti Sadiq mohiuddin
تلنگانہ

گلدستہ قرآن: آسان زبان میں قرآن مجید کی تفسیر

دنیا بھر میں قرآن مجید کے مختلف زبانوں میں بے شمار تراجم اور تفاسیر لکھے گئے ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ جس سے عوام الناس استفادہ کررہے ہیں۔

شہر حیدرآباد میں گلدستہ قرآن کے نام سے محترم جناب سید شاہ سراج الدین حسینی مؤظف اسوسیٹ پروفیسر نے قرآن مجید کی تفسیر تصنیف کی ہے۔ اس تالیف میں مختلف تفاسیر کا انتہائی آسان زبان اور سہل انداز میں تفسیر کو بیان کیا گیا۔

موصوف نے اس تالیف میں انتہائی مختصر انداز مختلف تفاسیر کا نچوڑ پیش کیا ہے۔ ہر آیت کی تفسیر میں عام لوگوں کی فہم کو مد نظر رکھتے ہوئے آسان زبان کا استعمال کیا گیا تاکہ ایک عام شخص کو بھی قرآن مجید کے مفہوم کو آسانی سے سمجھ جاسکے۔

سراج الدین حسینی صاحب نے لاک ڈاون کا صحیح استعمال کرتے ہوئے اس تالیف کو انجام دیا اور تصنیف کو مکمل کرنے کے لئے کئی مفتیان کرام اور علماء کرام سے مدد لی گئی اور انہیں کے ذریعہ اس کی تصحیح کا بھی انجام دیا گیا ہے۔ اور انتہائی باریک بینی سے اس تالیف کے کام کو مکمل کیا گیا تاکہ اس میں کسی قسم کی کوئی غلطی نہ رہ جائے۔

سید سراج الدین حسینی صاحب نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس تصنیف کے کام میں مختلف تفاسیر سے مدد لی گئی اور اس کو آسان سے آسان تر بنانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کی تصحیح مفتیان کرام نے کی ہے تاہم اس میں اگر کوئی غلطی یا خامی رہ جائے تو ہمیں ضرور مطلع فرمائیں۔

سراج الدین حسینی کی تالیف کردہ تصنیف”گلدستہ قرآن“ کا رسم اجراء شہر کے مشہور و معروف عالم دین حضرت مولانا مفتی سید شاہ صادق محی الدین فہیم ناظم دارالقضاء والافتاء کے ہاتھوں عمل میں آیا۔