ریاست گجرات کے وڈورا میں فرقہ وارانہ تصادم کا واقعہ پیش آیا جس کی وجہ سے حالات کشیدہ ہوگئے تصادم کے الزام میں 40 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو گروپوں نے ایک دوسرے پر سنگباری کی جس کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تقریباً 40 افراد کو گرفتار کر لیا۔
کشیدہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے علاقہ میں بھاری تعداد میں پولیس فورس کو تعینات کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نوراتری کے موقع پر گربا کھیلنے کے بعد دو گروپوں میں جھڑپ ہوئی ایک دوسرے پر سنگ باری کی گئی۔ سنگباری کی وجہ سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔
وڈودرا کے پولیس عہدیدار پی آر پٹیل کے مطابق میلاد النبیؐ قریب ہے جس کے پیش نظر کچھ لوگوں نے مندر کے نزدیک واقع الکٹرک پول پر مذہبی پرچم لگائے تھے۔
ہندو طبقہ کے لوگوں نے اس پر اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ اس سے ان کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔
پولیس کے مطابق اس تنازعہ کے بعد جھگڑا بڑھا اور سنگباری ہوئی۔ پولیس نے دونوں گروپوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے 40 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔