وڈودرا: وڈودرا پولیس اور گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے جمعہ کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے منسلک ایک مدرسے کو سیل کر دیا۔
یہ مدرسہ آل انڈیا امامس کونسل سے منسلک تھا اور آل انڈیا امامس کونسل پی ایف آئی سے منسلک ہے اور مرکز نے بدھ کے روز پی ایف آئی پر پانچ سال کے لئے پابندی عائد کردی تھی۔
اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی) کرائم نے کہا کہ "ہم نے ایک مدرسہ میں تلاشی لی جہاں آل انڈیا امامس کونسل کی میٹنگ ہوئی تھی اور اسے سیل کر دیا، ٹرسٹیز سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔”
مرکزی حکومت نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا اور اس سے وابستہ تنظیموں، پر غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ، 1967 کے تحت فوری طور پر پانچ سال کی مدت کے لیے غیر قانونی ایسوسی ایشن کے طور پر پابندی لگا دی۔
وزارت داخلہ نے یہ اعلان منگل کی رات دیر گئے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے کیا، جس میں "پی ایف آئی اور ملحقہ اداروں یا محاذوں کو فوری اثر سے غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا گیا”۔
پی ایف آئی کے ساتھ ساتھ، ری ہیب انڈیا فاؤنڈیشن (آر آئی ایف) سمیت اس کے محاذوں پر بھی پابندی لگائی گئی ہے۔ کیمپس فرنٹ آف انڈیا، آل انڈیا امامس کونسل، نیشنل کنفیڈریشن آف ہیومن رائٹس آرگنائزیشن، نیشنل ویمنس فرنٹ، جونیئر فرنٹ، امپاور انڈیا فاؤنڈیشن اور ری ہیب فاؤنڈیشن کو غیر قانونی ایسوسی ایشن قرار دیا گیا۔
مرکزی حکومت نے اس ضمن میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پی ایف آئی اور اس سے وابستہ تنظیمیں، سماجی، اقتصادی، تعلیمی اور سیاسی تنظیم کے طور پر کھلے عام کام کرتے ہیں لیکن وہ معاشرے کے ایک خاص طبقے کو بنیاد پرست بنانے کے لیے خفیہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں جو جمہوریت کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور آئینی اتھارٹی اور ملک کے آئینی سیٹ اپ کے خلاف سراسر بے عزتی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔