مسلم دنیا

شادی کا جوڑا جلا کر طلاق کا جشن

مصر میں ایک خاتون نے شوہر سے طلاق لیکر انوکھے انداز میں طلاق کا جشن منا کر سب کو حیران کردیا۔ طلاق کا جشن منانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل گئی اور صارفین نے اس پر حیرانی کے اظہار کے ساتھ ملا جلا ردعمل کا اظہار کیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک خاتون طلاق کا جشن مناتے ہوئے اپنے شادی کے جوڑے کو آگ لگا رہی ہے۔ ایک صحراء میں خاتون لباس کو نذر آتش کرتے ہوئے کہہ رہی ہے ”میں نے اپنی یادوں اور شادی کے لباس کو جلا دیا، اللہ کے حکم سے اب میں ایک نیا آغاز کررہی ہوں“۔

طلاق کا جشن منانے والی خاتون ھبہ مبروک نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو اپنی زندگی کے بارے میں انٹرویو میں کہا کہ میری شادی 3 سال پہلے ہوئی۔ اس وقت میری عمر 22 سال تھی۔ ہمارے ہاں ایک بیٹا پیدا ہوا۔ تاہم شادی کے بعد شوہر کے انوکھے رنگ سامنے آنے شروع ہوئے اور میں نے مختلف اوقات میں اپنے شوہر کی مجھ سے دھوکہ دہی کو 7 مرتبہ پکڑ لیا۔ وہ مجھ سے خیانت کر رہا تھا۔ اتنی مرتبہ دھوکہ دہی پکڑنے کے بعد میرا اس کیساتھ رہنا ناممکن ہوگیا تھا اور میں نے پھر اس سے طلاق لے لی۔

ھبہ مبروک نے طلاق کے جشن پر کہا کہ کسی دوسری خاتون کے ساتھ تعلقات کے باوجود مجھے امید تھی کہ وہ اپنی حالت درست کرلے گا۔ میں نے اسے کئی مرتبہ معاف کیا کہ وہ اپنی حالت درست کرلے اور اپنی بیوی، بیٹے اور گھر کو برقراررکھ لے۔ لیکن اس نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی اور دھوکہ دہی جاری رکھی۔

اس کے بعد میں نے فیصلہ کرلیا کہ ہم دونوں کے درمیان اب ازدواجی زندگی ٹوٹنے کا خوف برقرار نہیں رہا۔ اس صورتحال پر میں نے طلاق لینے اور اس کا جشن منانے کا فیصلہ کرلیا۔

ھبہ نے دوسری لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی کے ساتھی کے انتخاب میں جلدی نہ کریں اور والدین کے مشورہ پر عمل پیرا ہوں تاکہ ایسے شوہر کا انتخاب کیا جاسکے جس کے بعد علیحدگی، طلاق اور خاندان کی تباہی کا نتیجہ سامنے نہ آئے۔