حیدرآباد: طب یونانی طلبہ نے مرکزی حکومت کی پالیسی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اس موقع پر طب یونانی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور یونانی جونیئر ڈاکٹرز نے احتجاج میں شرکت کی اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
احتجاج کرنے والے جونیئر ڈاکٹرز اور طلبہ نے مرکزی حکومت پر طب یونانی کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ اور ڈاکٹرز کے مستقبل کو تباہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ طب یونانی کے طلبہ دیگر میڈیکل طلبہ کی طرح ہی نیٹ امتحان دیتے ہیں اور اتنی ہی محنت کرتے ہیں اس کے باوجود ان کے مستقبل کی کوئی ضمانت نہیں۔
ایک جونیئر ڈاکٹر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی حکومت پر ان کے مستقبل کو تباہ کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ طب یونانی کے اعلی عہدیدار بھی صرف اپنے مفاد کے لئے کام کررہے ہیں، طلبہ اور جونئیر ڈاکٹرز کا کوئی تعاون نہیں کررہے ہیں۔
احتجاجی طلبہ اور جونیئر ڈاکٹرز نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان کے مستقبل کو تباہ ہونے سے بچالے اور انہیں بھی دیگر میڈیکل ڈاکٹرز کی طرح ملازمت فراہم کی جائے۔
احتجاج کے دوران پولیس نے ان کے احتجاج کے روکنے کی کوشش کی تاہم پولیس اس احتجاج کو روکنے میں ناکام ہوئی۔