دہرہ دون: اتراکھنڈ کی پشکر سنگھ دھامی حکومت بھی اترپردیش کی یوگی حکومت کی طرز پر ریاست میں منظور شدہ مدارس کا سروے کروانے جارہی ہے۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب خان شمس نے کہا کہ اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب شمس نے اس کی تصدیق کی۔
اتراکھنڈ وقف بورڈ کے چیئرمین شاداب شمس نے کہا کہ حکومت جن مدارس کو مالی امداد دیتی ہے تو اس کو حق ہے کہ ان مدارس کا سروے یا ان کے بارے میں تحقیقات کی جائے۔ ایسے میں یہ حکومت کا اختیار بھی ہے کہ ان مدارس کا سروے کرایا جائے اور اسی لئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو مالی امداد دی جارہی ہے ان سے کیا مدارس میں مسلم طلبا کو تعلیم، کھانا اور دیگر سہولیات مل رہی ہیں کہ نہیں؟ مدارس میں اساتذہ ہیں یا نہیں؟ مدارس کے پاس عمارت ہے کہ نہیں؟ اس کا سروے کیا جائے گا۔
شاداب شمس نے کہا کہ پوری ریاست میں 500 سے زیادہ مدارس چلائے جا رہے ہیں، جس میں سے 103 مدارس وقف بورڈ کے ماتحت آتے ہیں۔ ان مدارس کو حکومت کی جانب سے مالی امداد دی جاتی ہے۔ اسی کے تحت وقف بورڈ اتراکھنڈ میں موجود سبھی اپنے 103 مدارس کا سروے کریں گے اور ان میں دی جانے والی ریاستی حکومت کی تمام سہولیات کا کس طرح سے استعمال کیا جا رہا ہے، اس کی تحقیقات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اترپردیش میں یوگی حکومت نے ریاست میں تمام غیر منظور شدہ مدارس کا سروے کرانے کا حکم دیا تھا اور ریاست میں غیر منظور شدہ مدارس کے سروے کا کام منگل سے شروع ہوچکا ہے۔