(۱) کاروبار کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ سچائی اختیار کیجیے ؛جھوٹ بولنے اورجھوٹی قسمیں کھاکر جو لوگ اپنی تجارت کو فروغ دیتے ہیں ، وقتی طور پرا گرچہ نفع معلوم ہوتا ہے؛ مگر درحقیقت ایسی کمائی اور ایسی تجارت سے برکت اٹھالی جاتی ہے ، رسول اکر م صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
”خرید نے اور بیچنے والے اگر سچائی سے کام لیں اور معاملے کو واضح کر دیں تو ان کی خرید وفروخت میں بر کت دی جاتی ہے ، اور اگر دونوں کوئی بات چھپالیں اور جھوٹ بولیں تو ان کے کا روبارسے برکت اٹھا لی جاتی ہے “
ایک دوسری روایت میں ہے :
” قیامت کے روز اللہ تعالی تین شخصوں سے بات کرے گا ، نہ اس کی طرف منہ اٹھا کر دیکھے گا اور نہ اس کو پاک صاف کرکے جنت میں داخل کرے گا (اس میں سے ایک )جو جھوٹی قسمیں کھا کھا کر اپنے کا روبار کو فروغ دینے کی کوشش کرتا ہے“ (صحیح مسلم ، حدیث نمبر : ۳۰۶)
اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک موقع پر یہ بھی فرمایا :
”اپنا مال بیچنے کے لیے کثرت سے جھوٹی قسمیں کھانے سے بچو! یہ چیز وقتی طور پر تو فروغ کی معلوم ہوتی ہے ؛ لیکن آخر کار کا روبار سے برکت ختم ہو جاتی ہے “ (صحیح مسلم ، حدیث نمبر : ۴۲۱۰)
ان احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ سودا بیچنے والوں کو جھوٹی قسمیں کھانے اور حھوٹ بولنے سے مکمل طور پر احتیاط کرنا چاہیے ، جھوٹ کا سہارالینا خریدار کو دھو کہ دینا اور دھوکہ دہی بڑے گناہ اور فسادِ عظیم کا باعث ہے جس سے اسلام نے سختی سے منع کیا ہے ۔
(۲)مال کا عیب چھپانے اور خریدار کو فریب دینے سے پر ہیز کیجیے ، بسا اوقات مال بیچنے والے نقلی مال اصلی بتاکر بیچتے ہیں اور کبھی مال کے عیوب کو چھپا لیتے ہیں ، اس طرح مال فروخت کرنے پر وہ اپنے آپ کو ہو شیار ، چالاک اوربہت عقلمند تصور کرتے ہیں ، یادر کھیے !یہ عقلمند نہیں ، انتہائی گھاٹے کا سوداہے ، یہ لوگ دنیا وآخرت دونوں جگہ خسارے میں رہیں گے ۔
ایک بار رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم غلے کے ایک ڈھیر کے پاس سے گزرے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا دست مبارک اس ڈھیر میں ڈالا تو انگلیوں پرکچھ تری محسوس ہوئی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے غلے والے سے پوچھا یہ کیاہے ؟ دوکان دارنے کہا : یارسول اللہ !اس ڈھیر پر بارش ہوگئی تھی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : پھر تم نے بھیگے ہوے غلے کو اوپر کیوں نہیں رکھ دیا کہ لوگ اسے دیکھ لیتے ، جوشخص دھوکہ دے ، اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں“ (صحیح مسلم، حدیث نمبر : ۲۹۵)
شریعت کے روسے تجارت کا اہم اصول یہ ہے کہ مال کا کوئی عیب نہ چھپایا جائے، صاف صاف تمام چیز یں بیان کردی جائیں ،ا یسے ہی کاروبامیں غیب سے برکت نازل ہوتی ہے اور وہ کاروبار فروغ پاتا ہے ۔
(۳)کاروبارمیں ہمیشہ دیانت وامانت اختیار کیجیے ، مال اچھا ہے تواچھا بتائے اورخراب ہے تو اس کی بھی وضاحت کر دیجیے ، کبھی کسی کو خراب مال دے کریا مجبوری کے وقت عرف وعادت سے زیادہ نفع لے کر اپنی حلال کمائی کو حرام نہ بنائے ، حرام رزق ساری برائیوں کی جڑہے ؛ اس لیے تھوڑا کمائے ،مگر حلال اور طیب مال حاصل کرنے کی کو شش کیجیے ،سچے اور امانتدار تا جرین کی حدیث میں بڑی فضیلتیں بیان کی گئی ہیں۔
(۴)ناپ تول میں کمی نہ کیجیے ، تجارتی معاملات میں یاعام لین دین حق دار کو اس کے حق سے کم دینا ہلاکت اور خسارہ کا باعث ہے ، قرآن نے خاص طور پر اس سے دوررہنے کی ہداہت دی ہے ، اور ناپ تول میں کمی کر نے والوں کو اللہ کے غضب سے بچنے کی تلقین کی :
” تباہی ہے ڈنڈی مارنے والوں کے لیے جن کا حال یہ ہے کہ جب لوگوں سے لیتے ہیں پوراپورا لیتے ہیں ،جب ان کو ناب کریاتول کر دیتے ہیں تو انھیں کم دیتے ہیں ، کیایہ لوگ نہیں سمجھتے کہ ایک بڑے دن یہ اٹھا کر لائے جانے والے ہیں ، اس دن کہ سب لوگ رب العالمین کے سامنے کھڑے ہوں گے “
اپنا حق کسی کے ذمہ ہوتو اسے حق سے زیادہ وصول کرنا اور دوسروں کاحق اپنے اوپر ہوتو حق سے کم دینا ، یہ عام ذہن اور عام سوچ ہے؛ مگر یہ سوچ اور یہ طر یقہٴ کار درست نہیں ہے ، یہ طریقہ اور انداز غیر شرعی اور ناپسندیدہ ہے ، ایسے افراد کے لیے خدا نے تباہی اور ہلاکت کی دھمکی ہے ، ظاہرہے ، جس کام پر اللہ تعالی ہلاکت کی دھمکی دے اس میں خیر کا کوئی پہلو نہیں ہوسکتا ہے ، وہ ہر اعتباسے بُرا اور قابل نفرت ہے۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو کم تولنے کے بجائے جھکتا تولنے کی نصیحت فرمائی ہے :”جب تم وزن کیا کرو تو زیادہ کرو “
دوسرے موقع پر فرمایا : ”جب تم وزن کرو تو زیادہ کرو “
(۵)تجارت کرنے کے ساتھ حقوق اللہ کی ادا ئیگی کا خاص خیال رکھا جائے ، کہیں ایسا نہ ہو کہ کاروبارمیں ڈوب کر خدا سے کنارہ کشی اختیار کرلی جائے ، ایسے کاروبامیں کبھی اللہ کی رحمت نازل نہیں ہو سکتی ، تجارت یقینا اچھی چیز ہے؛ مگر اس کے حدود میں رہتے ہوے یہ کیاجائے ، ضرورت سے زیادہ اس میں مشغولیت ہلاکت اور موجبِ خسارہ ہے ؛ اس لیے علماء ور اہل تحقیق نے لکھا ہے کہ جب کبھی ایسا موقع آئے کہ ایک طرف معاشی تقاضے ہوں اور درسری طرف دینی تقاضے توایک موٴمن کو چاہیے کہ معاشی تقاضے کو چھوڑکر دینی تقاضے کی طرف دوڑپڑے ، اگر ایساکیا تو دنیوی واخروی دونوں اعتبارسے وہ کا میاب ہوگا۔
اسی طرح تجارت پیشہ افراد کو چاہیے کہ ہاتھ پاوٴں کاروبار میں مشغول رکھیں اور اپنے دل و دماغ کو خدا کی یاد میں بسائے رکھیں ، ان کی توجہ ہر آن خدا کی طرف لگی ہوئی ہو ، جب کبھی اذان ہو فوری طور پر مسجد کی طرف دوڑ پڑیں ، اٹھتے بیٹھتے ، چلتے پھرتے خدا کی حمد و ثنا اور عظمت و کبریائی کے کلمات زبان سے نکل رہے ہوں ۔
معاش کی اہمیت موٴمن کو اس دھوکہ میں نہ ڈال دے کہ یہی سب سے بڑی چیز ہے اوریہی زندگی کا اصل مسئلہ ہے ؛ بلکہ وہ خدا کی رحمت اور اس کے اخروی انعام کو ہی اصل اورسب سے بڑی چیز سمجھیں اور کسی بھی حال میں دنیا سے لَو نہ لگائیں ۔
حضراتِ صحابہؓ تجارت کرتے مگر جب بھی اللہ کا حق سامنے ہوتا وہ تجارت کو چھوڑ کر اس کی ادائیگی میں مشغول ہوجاتے ، حضرت قتادہ رضی اللہ عنہ کا بیان ہے :
” صحابہٴ کرام رضی اللہ عنہم خرید و فروخت کرتے ، تجارت کرتے تھے ؛ لیکن جب انھیں اللہ کے حقوق میں سے کوئی حق پیش آتا تو تجارت اور بیع اللہ کے ذکر سے نہ روک سکتی ، تاآں کہ وہ اللہ کے حق کو ادا کردیتے “
صحابہ رضی اللہ عنہم کی زندگی ہمارے لیے قابلِ تقلید ہے ، جن کی رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خاص تربیت فرمائی تھی ، ان میں ایمان اتنا راسخ تھا کہ ایمانی تقاضوں پر کسی شئ کا غلبہ نہیں ہوسکتا تھا ، وہ وہی کرتے جس کا مطالبہ ایمان کی جانب سے ہوتا ، دنیا اور دنیا کی خواہشات نے کبھی ان کے دل و دماغ کو آلودہ نہیں کیا ، یقینا ہمارے لیے ان کی زندگی میں ہزار عبرتیں پوشیدہ ہیں ۔
(۷)اپنے مال میں غریبوں کا حق تسلیم کیجیے ، اگر آپ صاحبِ نصاب ہیں تو مکمل حساب و کتاب کرکے زکوة نکالیے اور صاحبِ نصاب نہیں ہیں تو بھی فقراء ومساکین کو خدا کے نام پر کچھ نہ کچھ دیتے رہیے ، صدقہ و خیرات کی عادت ڈالیے ، کسی سائل کو اپنے در سے محروم نہ کیجیے اور نہ اسے ڈانٹیے اور بُرا بھلا کہیے ، کیا معلوم اللہ تعالیٰ کب کس کی زبان سے نکلی ہوئی بات قبول کرلے ، وہ شخص خوش ہوگا تو اس کی زبان سے دعائیں نکلیں گی اور نہ دینے پر ناراض ہوگا اور وہ بد دعا کرے گا ؛ اس لیے بہتر ہے کہ در پر آنے والا جیسا بھی ہو اسے خالی واپس نہ کریں ، اسی طرح دینی اداروں اور ملی کاموں میں بھی مالی تعاون کے ذریعہ حصہ لے کر اپنی اجتماعی حوصلہ مندی اور دین کے لیے سب کچھ قربان کرنے کا ثبوت دیجیے ۔
(۸)خریداروں کے ساتھ ہمیشہ نرمی کا معاملہ کیجیے ، اچھے اخلاق ، اچھی زبان اورمیٹھے الفاظ کے ذریعہ خریداروں کو اعتماد میں لیا جاسکتا ہے ، ان کا اعتماد جب آپ پر ہوجائے گا تو دوسری دکانوں کے بجائے وہ آپ کے پاس ہی آئیں گے ، ایسے وقت کاروبار کرنے والے پر لازم ہے کہ وہ ان کے ساتھ خیر خواہی کریں ، کم سے کم نفع پر مال دے کر اچھے اخلاق کا ثبوت دیں ، ان کو کبھی دھوکہ نہ دیں ، اگر کبھی وہ آپ سے ادھار مانگیں تو اپنی گنجائش کے مطابق انھیں مایوس نہ کیجیے اور ادھار دینے کے بعد مطالبہ کے وقت سخت لب و لہجہ استعمال نہ کیجیے ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے :
” خدا اس شخص پر رحم فرمائے جو خرید و فروخت اور تقاضا کرنے میں نرمی اور خوش اخلاقی سے کام لیتا ہے “
ایک موقع پر یہ بھی فرمایا : ” جس شخص کی یہ خواہش ہو کہ خدا اس کو روزِ قیامت کے غم اور گھٹن سے بجائے تو اسے چاہیے کہ تنگ دست قرض دار کو مہلت دے یا قرض کا بوجھ اس کے اوپر سے اتاردے ، یعنی معاف کردے “
کسی نے اگر قرض لیا ہو ، اس سے بھی نرم گفتگو اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ، کیا معلوم کہ وہ کس پریشانی اور تکلیف میں ہے ، اللہ کا کرم اور احسان ہے کہ اس نے ہمیں اس قابل بنایا کہ ہم دوسروں کو قرض دے رہے ہیں ، ورنہ ہمیں بھی وہ محتاج بناسکتا تھا ۔
(۹)حرام اشیاء کی تجارت نہ کیجیے ، جو اشیاء اسلام نے حرام قرار دی ہیں ، ان کو مال تجارت بنانا یا ان کی خرید و فروخت کرنا بھی حرام ہے ، جیسے شراب ، افیوں ، ہیروئن وغیرہ ․․․․․․ اسی طرح لاٹری ، سٹہ بازی ، قُحبہ گری ، سودی لین دین ، اخلاق سوز فلمیں اور آڈیو ویڈیو کیسٹس ، آلات موسیقی ، گانے بجانے کے اسکول یا اکیڈمیاں ، اخلاق سوز ناول ، فحش لٹریچر اور رسالے وغیرہ اس ممانعت میں شامل ہیں ، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے : ” اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے شراب ، مردار ، خنزیر اور بتوں کی خرید و فروخت کو حرام قرار دیا ہے “
ایک دوسرے موقع پر فرمایا : ” اللہ تعالیٰ نے جس چیز کو حرام قرار دیا ہے ، اس کی قیمت کو بھی حرام قرار دیا ہے “
مذکورہ حدیث میں اگرچہ بعض چیزوں کا تذکرہ ہے؛ مگر جتنے ناجائز امور ہیں ، ان سب کا یہی حکم ہوگا ، مسلمانوں کو چاہیے کہ حرام اور ناجائز چیزوں کو بیع کا مال نہ بنائیں ، اس میں گناہ اور عصیان پر تعاون لازم آئے گا ، جو بجائے خود غضب الٰہی کو دعوت دیتا ہے ۔
(۱۰)دکان کو وقت پر کھولیے ، کوشش کیجیے کہ صبح کی اولین ساعتوں میں کاروبار کا آغاز کیا جائے ؛ اس لیے کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے صبح کے وقت کیے جانے والے کاموں میں برکت کی دعا فر مائی ہے ، خود رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا معمول تھا کہ جب بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم چھوٹا دستہ یا بڑا لشکر روانہ کرتے تو دن کے ابتدائی وقت روانہ فرماتے ، روایت میں ہے:
” حضرت صخر رضی اللہ عنہ ایک تاجر تھے ، جب وہ اپنے آدمیوں کو تجارت کے لیے روانہ کرتے تو دن کے ابتدائی حصہ میں روانہ کرتے تھے ، جس کی وجہ سے وہ صاحبِ ثروت ہوے اور ان کے پاس مال کی کثرت و فراوانی ہوگئی “
آج مسلمانوں کو بھی چاہیے کہ صبح سویرے ہی سے تجارت وغیرہ کا آغاز کریں، اس طرح سنت پر عمل ہوگا اور برکت کا ذریعہ بھی ، ہندوستان یا وہ ممالک جہاں اس کا رواج نہیں ہے ، ان جگہوں میں صبح دکان کھولنے سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ، تاہم سنتوں پر عمل کا اور غیب سے سامان فروخت ہونے کا انتظام ہوگا اور اگر تمام مسلمان مل کر اس پر عمل شروع کردیں تو خود بخود صبح کاروبار شروع ہونے کا ماحول بن جائے گا ، یا ایسی جگہ جہاں تجارت یا کوئی بھی عمل صبح کی اولین ساعت میں شروع کیا جاسکتا ہے ، وہاں اس حدیث پر ضرور عمل کرنا چاہیے ۔
اب تک جن باتوں کی طرف توجہ دلائی گئی ان کا تعلق دنیوی تجارت سے تھا ، ایک مسلمان کو دنیوی تجارت اور کاروبار سے زیادہ آخرت کی اس تجارت کی طرف توجہ دینی چاہیے جس کا نفع ابدی اور لازوالی ہے ، جس پر کبھی فنائیت طاری نہیں ہوگی ، جس کی طرف خود اللہ تعالیٰ نے رہنمائی کی ہے اور اس کے ذریعہ جہنم کے دردناک عذاب سے نجات پانے کی تلقین کی ہے :
”اے لوگوں جو ایمان لائے ہو! میں بتاوٴں تم کو وہ تجارت جو تمہیں عذاب الیم سے بچائے؟ ایمان لاوٴ، اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر اور جہاد کرو اللہ کی راہ میں اپنے مالوں سے اور اپنی جانوں سے یہی تمہارے لیے بہتر ہے اگر تم جانو “
اہل ایمان کو چاہیے کہ وہ دنیوی تجارت بھی اسلامی اصول و ضوابط کے مطابق انجام دیں! اس لیے کہ ایمان والے اسلامی اصول کے پابند ہیں ، اگر تجارت قرآن و حدیث کی روشنی میں بتائے گئے اصول کے مطابق انجام دیں تو یہ اسلامی تجارت کہلائے گی اور دنیوی سرگرمیاں بھی فکر آخرت کی دائرے میں شامل ہوجائیں گی ،آج ہم اپنے کاروبار کا جائزہ لیں ، کیا ہماری تجارت ، دکانیں اور اقتصادی سرگرمیاں بتائے گئے اصول کے مطابق ہیں ؟
آج ہر آدمی کی خواہش مال و دولت جمع کرنا ہے ، خواہ وہ حلال راستے سے ہو یا حرام طریقے پر ، جس کے سبب مسلمان گھروں سے روحانیت ختم ہوگئی ہے ، مال کی کثرت کے باوجود زندگی اور عمل میں خیر و برکت نہیں، حقیقی سکون اور قلبی طمانینت سے ہم محروم ہیں ، اگر آپ چاہتے ہیں کہ روح کو بالیدگی اور قلب کو سکون ملے ، پُر لطف زندگی آپ کو پیاری ہے تو اسلامی تجارت کو اپنائیے اوراسی کے ساتھ اس تجارت کو کبھی ذہنوں سے اوجھل نہ ہونے دیجیے جو جہنم کی جھلسادینے والی آگ سے نجات دلانے والی ہے کہ یہی کامیابی حقیقی کامیابی اور لازوال عیش ہے ۔