احمدآباد: گجرات اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں مجلس اتحاد المسلمین کے صدر ورکن پارلیمان اسدالدین اویسی گجرات کے دو رزہ دورے پر ہیں۔
اسد الدین اویسی نے بلقیس بانو معاملے پر کہا کہ اگر آپ بی جے پی کو ہرانا چاہتے ہیں اور بلقیس بانو کے مسئلے پر خاموشی اختیار کرتے ہیں تو پھر آپ تو فرقہ پرستی کے خلاف سمجھوتہ کرچکے ہیں۔
اویسی نے کہا کہ بلقیس بانو صرف مسلمانوں کا مسئلہ نہیں ہے ایک خاتون یا خواتین کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ بلقیس بانو انصاف کا مسئلہ ہے، اور اگر کسی کو انصاف دلانے میں سبھی خاموش بیٹھ جائیں گے تو پھر انصاف کا نقصان ہوگا، آج بلقیس بانو کا مسئلہ ہے کل کسی اور خاتون کو اس طرح سے تکلیف پہنچائی جا سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم تو بلقیس بانو کو انصاف دلانے کے لیے بول اور لڑ رہے ہیں۔ جس طریقے سے بلقیس بانو کے قصورواروں کو کو رہا کیا گیا ہے وہ بالکل غلط ہوا ہے۔
اسدالدین اویسی نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ کئی مہینوں سے گجرات آرہے ہیں، اور گجرات کے مختلف اضلاع کا دورہ کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش یہ ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ہماری پارٹی کے زیادہ سے زیادہ امیدوار کامیاب ہوں۔ پوری تیاری کے ساتھ صابر کابلی والا کی قیادت میں گجرات ایم آئی ایم کی ٹیم کام کر رہی ہے۔
اسدالدین اویسی نے کہا کہ گجرات اسمبلی میں کتنی سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے اس کا فیصلہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین گجرات کے صدر صابر کابلی والا کریں گے ہم پوری طاقت کے ساتھ الیکشن لڑیں گے اور اس کے لیے بہتر طریقے سے مہم بھی چلائیں گے۔