شکاگو: اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کے سالانہ کنونشن میں انڈین امریکن مسلم کونسل کے زیر اہتمام ایک پینل ڈسکشن میں عالمی شہرت یافتہ انسانی حقوق کی تنظیم جینوسائیڈ واچ کے ڈاکٹر گریگوری اسٹینٹن نے کہا کہ بھارت 200 ملین مسلمانوں کی "نسل کشی” کی تیاری کر رہا ہے۔
ڈاکٹر اسٹینٹن نے شکاگو میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ کے 59ویں کنونشن میں شہریت ترمیمی قانون، نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنا، اور غیر قانونی کارروائی، مسلمانوں کے خلاف جرائم میں اضافہ اور ہجومی تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان میں مزید نسل کشی کے لیے تیاری کے تمام مراحل پورے ہوچکے ہیں۔
ڈاکٹر اسٹینٹن نے مزید کہا کہ "مسلمانوں پر ظلم و ستم کشمیر کی خودمختاری کے خاتمے سے ظاہر ہوتا ہے… مسلمانوں کی بہت سی املاک کو ضبط یا تباہ کر دیا جارہا ہے، مسلمانوں کے گھروں کو غیر قانونی تعمیرات کے نام پر منہدم کرکے انہیں بے گھر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قتل اور اجتماعی عصمت ریزی کرنے والوں کو بری کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے ہندو بالادستی کے نیم فوجی گروپ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے اثر و رسوخ کے بارے میں خبردار کیا، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی بی جے پی کا بنیادی نظریہ ہے، اور کہا کہ آر ایس ایس اب اپنے نفرت آمیز نظریے کو اسکولوں، ٹریڈ یونینز، کلچرل سوسائٹیز، اور مذہبی گروپس میں آگے بڑھا رہی ہے۔
ڈاکٹر اسٹینٹن نے کہا کہ "آر ایس ایس بھی بجرنگ دل کے کیمپ چلاتی ہے، جہاں نوجوان ہندو لڑکوں کو ہندوتوا کا نظریہ سکھایا جاتا ہے اور جہاں مسلمانوں سے نفرت اور خوف کی کھلے عام وکالت کی جاتی ہے۔ ان کیمپوں کو بیرون ملک ہندوستانیوں سے خاص طور پر انڈیا ڈیولپمنٹ اینڈ ریلیف فنڈ کے ذریعے بڑی مالی امداد ملتی ہے‘‘۔
انہوں نے مزید خبردار کیا کہ بی جے پی نے ماضی میں بالخصوص 2002 کے گجرات قتل عام کے دوران پر تشدد اور نسل کشی کو بھڑکانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور یہ کہ "مزید قتل عام کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھی امریکی مذہبی حقوق کی تنظیم نے ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف نفرت آمیز جرائم کے خلاف تشویش کا اظہار کیا تھا۔
(مسلم مرر سے ترجمہ شدہ)